ملک کے پہاڑی علاقوں میں ہر جانب برف پھیل گئی اورمیدانی علاقوں میں برستی بوندوں سےنظارے کھل اٹھے ۔ مری،گلیات،کاغان ،ناران، سوات،چترال ،مانسہرہ،استور، مظفر آباد ، شمالی ویزستان میں برفباری سے درجہ حرارت گرگیا ۔ پنجاب اوربلوچستان کے شہروں میں رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے ۔
فروری میں سردی نے جم کر اپنا رنگ جما دیا، رات سے ہونے والی برفباری سے مری کا حسن جوبن پر آگیا ، کالام اور مالم جبہ میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، چترال میں برفباری سے گرم چشمہ کے آنے جانے والے راستے بند ہوگئے ہیں ۔
ایبٹ آباد، نتھیاگلی سمیت گلیات کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری وقفے وقفے سے جاری ہے۔
مانسہرہ،اپر ہزارہ ڈویژن کے اضلاع میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ تفریحی مقامات ناران میں 6اور شوگران میں 3انچ تک برف پڑ چکی ہے۔
لوئر دیر میں سیاح ایک دوسرے پر برف پھینک کر موسم سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ دیر بالا، اورکزئی ایجنسی، رزمک، شوال، کے پہاڑوں پر بھی برف گررہی ہے، چارسدہ، ہنگو، بنوں میں بار ش سے موسم اور سرد ہوگیا ہے۔
شمالی بلوچستان میں توبہ اچکزئی، کوژک ٹاپ، کان مہترزئی میں بھی شدید برفباری سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے، مختلف شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
جنوبی وزیرستان کے بالائی علاقوں انگوراڈہ، کانی گرم، پیرغر اور بدر میں شدید برف باری سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں مظفرآباد شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارش، پہاڑوں پر برف بار ی سے درجہ حرارت گرگیاہے، وادی نیلم، بالائی وادی گریز اور لیپہ، سدھن گلی سمیت بیشتر سیاحتی مقامات برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نکیال، میر آزاد کشمیر، تتہ پانی میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
گلگت بلتستان کےاضلا ع میں بھی وقفےوقفے سے بارش اور برفباری کی وجہ سے یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔
پنجاب میں حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، کمالیہ چیچہ وطنی، میانوالی، بہاول پور اور سرگودھا میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم ٹھنڈا ہے۔