لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل،اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ جج اللہ سے ڈریں، خدا کے ہاں ججوں کی سب سے زیادہ پوچھ گچھ ہوگی، میرا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں گھر کرچکا ہے، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا لودھراں سے یہ فیصلہ آئیگا، مخالفین نے جھوٹ، منافقت اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایاووٹ کے تقدس کا پیغام عوام کے دلوں تک پہنچ چکا ہے، اسے ملک بھر میں پھیلائیں گے، ووٹ کا احترام ہو گا تو ملک ترقی کرے گا۔جبکہ مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیف جسٹس کے الفاظ بغض و عناد نہیں تو کیا ہیں، اقامہ جیسا سیاہ ترین فیصلہ دہرانا پہلی غلطی سے بڑی غلطی ہوگی، جس کے نتائج ہونگے، لودھراں کی فتح نے ثابت کر دیا دلوں کے وزیراعظم ہیں، منصفوں کو اللہ کے سامنے بھی جواب دینا ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ انصاف کی کرسی پربیٹھنے والوں کواللہ کے سامنے جواب دہ ہونا ہےووٹ کے تقدس کا پیغام عوام کے دلوں تک پہنچ چکا ہے، اسے ملک بھر میں پھیلائیں گے، ووٹ کا احترام ہو گا تو ملک ترقی کرے گا، لودھراں میں عوام نے سچ کا ساتھ دیا اور مسلم لیگ (ن) کو فتح حاصل ہوئی جس پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف گزشتہ روز مولانا محمد حسین نعیمی(مرحوم) کی اہلیہ اور مولانا راغب حسین نعیمی کی دادی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے ان کی رہائش گاہ پر گئے اور مرحومہ کی مغفرت کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہاکہ ہم ملک میں ووٹ کے تقدس کی بحالی چاہتے ہیں پچھلے چند سال سے ملک میں ووٹ کا تقدس نہیں رہا ۔میرا بیانیہ عوام کے دل میں گھر کر چکا ہے ووٹ کے تقدس کا پیغام ملک کے کونے کونے میں لے کر جائیں گے۔ اللہ نے ہمیں عزت بخشی ہے اپنا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے مینڈیٹ کے احترام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔لودھراں میں کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ دل چاہتا ہے کہ لودھراں جا کر عوام کا شکریہ ادا کروں۔ لودھراں ضمنی الیکشن کا نتیجہ سب کے لئے واضح پیغام ہے۔ مخالفین نے جھوٹ، الزام تراشی اور سازشوں کی سیاست کی ہے اور اب لودھراں کا نتیجہ ان کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کی طرف سے ایک کے بعد ایک ضمنی ریفرنسز کا دائر کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ نہ کچھ ملا، نہ کچھ نکلا۔چیف جسٹس کے الفاظ بغض و عناد نہیں تو کیا ہیں، اقامہ جیسا سیاہ ترین فیصلہ دہرانا پہلی غلطی سے بڑی غلطی ہوگی، جس کے نتائج ہونگے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ اقامہ فیصلہ تاریخ عدل کا سیاہ ترین فیصلہ ہے،اقامہ فیصلے کو عوام مسترد کر چکی،اس سنگین غلطی کو دہرانا اس سے زیادہ سنگین غلطی ہو گی جسکے نتائج ہونگے۔ مریم نواز نے لودھراں الیکشن میں (ن ) لیگ کی کامیابی کو برائے راست عدلیہ سے منسلک کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصفوں کو اللہ کے سامنے بھی جواب دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لودھراں میں فتح نے ثابت کر دیا کہ نواز شریف دلوں کے وزیر اعظم ہیں چاہے ملک کے ہوں یا نا ہوں ۔ مریم نواز نے چیف جسٹس کے بیان کو بغض و انتقام قرار دے دیا ۔ ٹوئٹر پر مریم نواز نے ایک نجی نیوز چینل کے ٹیکر کی تصویر شیئر کی جسکے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کیا کسی چورکو پارٹی کا سربراہ بنا یا جا سکتا ہے؟ یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے لوگوں سے کہا کہ یہ الفاظ پڑھیں اور فیصلہ کریں کہ یہ بغض و عناد نہیں تو اور کیا ہے؟۔