کراچی ( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی تقاریراور تصاویر کی نشر و اشاعت پر پابندی متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی بھر میں تقریباً 400 مقامات پر احتجاج مظاہرے کئے تاہم کسی بھی جگہ ٹریفک جام نہیں ہوا ۔ احتجاجی مظاہروں سے فاروق ستار ، وسیم اختر ، نسرین جلیل ، امین الحق اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا جبکہ میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عوام اپنے قائد کیلئے انصاف کے حصول کی خاطر جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں اگر پابندی ختم نہ کی گئی تو احتجاجی مظاہرے ، پر امن دھرنوں اور ہڑتالوں میں تبدیل ہوجائیں گے جس کے لئے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تاجر برادری سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے مشاورت کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی تقاریراور تصاویر کی نشر و اشاعت پر پابندی کیخلاف جاری احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں منگل کو ایم کیوا یم کے تحت کراچی کے 400 سے زائد مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئےجس میں مجموعی طورپر شہر بھر سے بڑی تعداد میں کارکنان اور عوام نے بھرپور شرکت کرکے حکومت سے الطاف حسین کی تقاریر پر عائد پابندی فی الفور ختم کرنے کامطالبہ کیا۔ شہر کے مختلف مقامات پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں خواتین اور خصوصی افراد سمیت عوام و کارکنان کا جم غفیر امڈ آیا اور انہوں نے الطا ف حسین کی تقاریر اور تصاویر کی نشر و اشاعت پر عائد پابندی کے خلاف کراچی کی سڑکوں پر اپنا پرزور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس سلسلے میں ایم کیوا یم کے تحت کراچی کے علاقے برنس روڈ، حسن اسکوائر،لانڈھی بابر مارکیٹ ، کورنگی ڈھائی نمبر ، ڈیفنس ،اسٹار گیٹ ، نمائش چورنگی ،طارق روڈ بہادر آبادچورنگی، گلشن چورنگی،عائشہ منزل،تبت سینٹر،لائز ایریا ،ہائپر اسٹار، جوہر موڑ،ناگن چورنگی ،پا سپو ر ٹ آفس صدر، دوتلوار، ریگل چوک ،لیاقت آبا د دس نمبر،لانڈھی چراغ ہوٹل، عمران شہید پارک ، کورنگی نمبر 5،کور نگی کراسنگ ،کورنگی نمبر بروکس چورنگی کورنگی انڈسٹریل ایریا ،باغ کورنگی ، کالا بورڈ ملیر، ائیرپورٹ قبرستان ملیر، ناتھاخان برج شاہ فیصل ،جوہر چورنگی ، منور چورنگی گلستان جوہر ، اسکیم 33 بھایانی ہاٹس، موسمیات، بیت المکرم مسجد ، علاالدین پارک گلشن اقبال ، گرومند ر، جیل چورنگی،تین ہٹی ،ایف ٹی سی موڑ لائنز ایریا،اللہ والی چورنگی لائنزایریا، عوامی مرکزسوسائٹی ،نرسر ی ، کلا پل ،محمودآباد، سب مرین چورنگی ڈیفنس ، ہجرت کالونی پی آئی ڈی سی ،ماربل مارکیٹ پاک کالونی ،بڑابورڈ پاک کالونی ، بلدیہ 4نمبر بس اسٹاپ، ماچ موڑ ، پریشان چوک، قصبہ علیگڑھ ،اورنگی ٹاؤن، سرجانی کے ڈی اےفلیٹ،سندھی ہوٹل نیو کراچی ،نالا اسٹاپ ،پاور ہاؤس چورنگی ، سخی حسن ، نارتھ ناظم آباد ، کے ڈی اے چورنگی ، فائیو اسٹار چورنگی ، بورڈآفس،ناظم آباد چورنگی ،اے اواسپتال ،گولی مارناظم آباد گلبہار، ناظم آباد پیٹرل پمپ،غریب آباد، لیاقت آبادڈاک خانہ، یو بی ایل کمپلیکس، واٹر پمپ اور لیاری شو مارکیٹ سمیت شہر کے مختلف ٹاؤن اور یوسیز کی سطح پر احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے۔ احتجاجی مظاہروں میں ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنونیر ز ڈاکٹر محمد فاروق ستار، عامر خان ، ڈپٹی کنوینرز نسرین جلیل، کہف الوریٰ ، سید شاہد پاشا، ارکان رابطہ کمیٹی ،سینٹرل ایگزیکٹو کونسل و دیگر تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داروں ،حق پرست اراکین سینیٹ ، قومی و صوبائی اسمبلی ،نامزدمئیر و ڈپٹی مئیر کراچی ،نو منتخب بلدیاتی نمائندوں اور علاقائی عوام سمیت کارکنان نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران کسی بھی جگہ ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا نہیں ہوا اور نہ ہی کسی مقام پر ٹریف جام نظر نہیں آ یا، ایم کیو ایم کے کار کنوں نے فٹ پاتھ پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے، شہریوں نے اس مظاہرے کو ملکی تاریخ میں منفرد مثال قرار دیا ہے۔ فائیو اسٹار چورنگی پر مظاہرین کے ہمراہ احتجاج میں سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار دیگر رہنماؤں کیساتھ شریک ہوئے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فاروق ستا ر نے کہاکہ ، احتجاج کرنا ہمارا جمہوری و آئینی حق ہے ، الطاف حسین کروڑوں عوام کے لیڈر ہیں اور عوام آج اپنے قائد کیلئے انصاف کے حصول کی خاطر جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں اگر پابندی ختم نہ کی گئی تو احتجاجی مظاہرے ،پر امن دھرنوں اورہڑتالوں میں تبدیل ہوجائیں گے جس کے لئے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تاجر برادری سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے مشاورت کر رہے ہیں۔ لیاقت آباد دس نمبر میں ایم کیوا یم کی ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل اور رکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق شریک ہوئے ،اس موقع پرمحترمہ نسرین جلیل نے کہاکہ الطاف حسین پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں، امین الحق نے کہاکہ ایم کیوا یم تمام ارباب اقتدار سے اپیل کرتی ہے کہ ہمیں مسئلہ نہیں بلکہ مسئلے کے حل کا حصہ سمجھا جائے ۔ نمائش چورنگی پر مظاہرین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد مئیر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ پیپلز پارٹی سے مفاہمت کا انجام اچھا نہیں ہوا ،گزشتہ سات برسوں میں کراچی سمیت سندھ بھر کو تباہ کر دیا گیا اورسندھ کی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کی جا چکی ہے ۔سندھ اسمبلی میں حق پرست قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ ایم کیوا یم سندھ کی دوسری بڑی جماعت ہے اگر اس کے ساتھ ایساکیاجائے گاتوملک کے دیگر عوام کے ساتھ کیا ہوگا؟ اگر الطاف حسین پر عائد پابندی کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو اپنے احتجاج کو ملک گیر سطح پر پہنچادیں گے۔