لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا اعلان کوئی چھوٹی بات نہیں اس سے ملکی سیاسی حالات تبدیل ہوں گے، کچھ لوگ انتظار میں بیٹھے تھے کہ آرمی چیف اور وزیراعظم کی لڑائی ہو گی، مگر آرمی چیف نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی مفاد کو ترجیح دی اور پاک فوج، اپنے خاندان اور گجرات کے وقار میں اضافہ کیا جبکہ کراچی اور دیگر علاقوں میں امن کیلئے مؤثر اقدامات پر عام آدمی چاہتا ہے کہ وہ ابھی ریٹائر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فرزند گجرات آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا ریٹائرمنٹ کا اعلان نشان حیدر پانے والے ان کے ماموں میجر عزیز بھٹی شہید اور بھائی میجر شبیر شریف شہید کی طرح قابل فخر کارنامہ ہے، ہماری حکومت میں وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی کے قائم کردہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال اور عوامی فلاح، صحت و تعلیم کے دیگر منصوبے روک کر عوام باالخصوص غریبوں سے دشمنی کی گئی، پنجاب کے حکمران چوہدری پرویزالٰہی کے نام کی تختیاں بے شک اتار دیں لیکن ان کو چلنے تو دیں۔ گجرات پریس کلب کی حلف برداری تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافی اپنے قلم اور کیمرہ سے پنجاب کے حکمرانوں کی بے حسی اور عوام باالخصوص اہل گجرات سے سوتیلے پن کا سلوک سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ راتوں رات پنجاب حکومت دھاندلی والا بلدیاتی آرڈیننس لے آئی کیونکہ اسے یقین تھا کہ گجرات سمیت دیگر اضلاع میں ن لیگ کا صفایا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں بھی کارروائی ہونی چاہئے، اسکولوں کو بند کرنا مسئلہ کا حل نہیں۔