راولپنڈی (جنگ نیوز) امریکی ماہر امراض معدہ و جگر ڈاکٹر ڈیوڈ کیرلاک اور وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر کی سربراہی میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں دو روزہ ایڈوانس اینڈو سکوپی کانفرنس ہوئی۔ اس موقع پر معدہ و جگر کی پیچیدہ بیماریوں کے 25کے قریب مریضوں کا بغیر آپریشن جدید طریقہ سے مفت علاج بھی کیا گیا۔ برطانیہ سے آئے ہوئے ماہر ڈاکٹر ثاقب احمد اور ڈاکٹر ندیم تہامی بھی کانفرنس میں شامل ہوئے۔ کانفرنس میں ملک بھر سے 50سے زائد ٹریننگ ڈاکٹرز‘ نرسوں اور ٹیکنیکل سٹاف نے بھی حصہ لیا۔ پروفیسر ڈیوڈ نے طلبہ و طالبات اور ڈاکٹرز کو لبلبہ کی سوزش کے جدید اطوار پر علاج سے متعلق لیکچر بھی دیا۔ پروفیسر ڈیوڈ اس سے قبل بھی متعدد بار پروفیسر محمد عمر کی خصوصی دعوت پر پاکستان آ چکے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُنہیں پاکستان آ کر ایک اپنائیت کا احساس ہوتا ہے اور وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ اُنہوں نے پروفیسر محمد عمر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی محنت سے یونیورسٹی کو بلند مقام پر لے جا رہے ہیں۔