• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرترقیاتی اخراجات پر کنٹرول اور سماجی شعبوں کی ترقی پر توجہ دی جائے، مراد علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو گائیڈ لائنز دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر ترقیاتی اخراجات پر کنٹرول، سماجی شعبے مثلاً تعلیم اور صحت میں مختص کردہ فنڈز میں اضافے اور پانی کی اسکیموں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ یہ مقررہ مدت میں مکمل ہوسکیں ۔ اجلاس میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت ،محکمہ خزانہ و پی اینڈ ڈی کی سینئر حکام و ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چاہتا ہوں نئے مالی سال کے بجٹ کی حکمت عملی میں خواتین، نوجوانوں اور کھیل کے شعبوں پر بھی توجہ مرکوز رکھیں ۔ انہوں نے اپنی خزانہ،منصوبہ بندی و ترقیات کی ٹیم کو گائیڈ لائنز دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ نئے مواقع پیدا کئے جائیں اور سماجی شعبے کی ترقی کو زیادہ ترجیح دی جائے۔ صوبائی محکمہ خزانہ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ سال 18-2017 کی وفاقی وصولیاں627.307بلین روپے متوقع ہیں جبکہ 7ماہ میں 363.555ملین روپے ملے ہیں ۔ صوبائی ٹیکس وصولیاں 185.621بلین روپے متوقع ہیں جبکہ 7ماہ میں 90.550بلین روپے کی ریکوری ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو مزید بتایا گیا کہ رواں سال سندھ حکومت کے پی ایس ڈی پی نے 244 بلین روپے مختص کیے ہیں جس میں 204.114بلین روپے کیپٹل اور 39.884 بلین روپے ریونیو کے لیے مختص ہیں جس کی مد میں 146.388بلین روپے جاری ہوئے ہیں اور اخراجات کا تخمینہ 72.5بلین روپے ہے جوکہ جاری رقم کا نصف حصہ ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے او زیڈ ٹی کے لیو گرانٹ کا تخمینہ 14.717بلین روپے بتایا تھاجس کی مد میں انھوں نے 7ماہ کے دوران 8.715 بلین روپے دیے اوربراہ راست منتقلیوں کا تخمینہ 65.168 بلین روپے ہےجسکی مد میں 7ماہ کے دوران 30.672 بلین روپے موصول ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز اور شفافیت یقینی بنائی جائے عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کا جامع پلان ترتیب دیا جائےاورجاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
تازہ ترین