پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) تھری کے دوسرے دن کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دے کر باقی ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کولن انگرم 41، خرم منظور 35 اور روی بھوپارا 24 رنز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے 150رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
میچ کے آغاز ہی سے مشکل کا شکار رہنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹ کے نقصان پر 130رنز تک محدود رہی ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ہدف تعاقب کے لئے شین واٹسن اور اسد شفیق میدان میں اترے، تاہم اوپننگ جوڑی 4رنز پو پویلین لوٹ گئی، شین واٹسن 1 اور اسد شفیق 2رنز ہی بناسکے۔
کوئٹہ کے اسٹار بیٹسمین کیون پیٹرسن آئوٹ ہونے والے تیسری کھلاڑی تھے ، وہ خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ،15 کے مجموعی اسکور پر 6رنز بناکر ملز کا شکار بنے۔
چوتھی وکٹ پر اوپنر عمر امین اور رلی روسو نے 30رنز کی شراکت قائم کی ،45کے مجموعے پر حارجانہ مزاج بیٹسمین روسو کو عماد وسیم نے چلتا کیا ،انہوں نے 1چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 18رنز بنائے تھے۔
پانچویں وکٹ پر سرفراز احمد عمر امین کا ساتھ دینے کے لئے میدان میں اترے ،لیکن اس بار وہ بھی نہ چل سکے ،7 کے انفرادی اسکور پر انہیں شاہد آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی تو آدھی ٹیم 66 کے اسکور آئوٹ ہوچکی تھی ۔
میچ کا ٹرنگ پوائنٹ عمرامین کا کیچ رہا ،13ویں اوور میں 31رنز پر کھیل رہے اوپننگ بیٹسمین نے شاندار اسٹروک لگایا ، مگر شاہدآفریدی نے بائونڈی لائن پرگیند انتہائی خوبصورت انداز میں دبوچ لیا۔
کوئٹہ کی طرف محمد نواز نے1چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے میچ میں جان ڈالنے کی پوری کوشش کی ، لیکن 30 کے انفرادی اسکور پر وہ بھی ہمت ہار گئے ، انہیں محمد عامر نے وکٹ کیپر رضوان کی مدد سے قابو کیا ۔
حسن خان 17رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ،میچ کے اختتام پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9وکٹ پر 130رنز بناسکی۔
کراچی کنگز کی طرف سے عماد وسیم ،محمد عرفان اور ٹائمل نے 2،2 جبکہ شاہد آفریدی اور محمد عامر ایک ایک وکٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے دن کا دوسرا اور مجموعی طور پر تیسرا میچ لاہور قلندر ز اور ملتان سلطانز کے درمیان رات 9 بجے کھیلا جائے گا ۔