پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) تھری کے پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 9وکٹوں سے شکست دیدی۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈیٹرز نے شین واٹس 66، اسد شفیق 38 رنز اور جوفررا آرچر اور محمد نواز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت پی ایس ایل میں پہلی کامیابی اپنے نام کرلی۔
پی ایس ایل کے تیسرے دن کھیلئے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کی ٹیم سنیل نارائن اور کپتان برینڈن میکلم کے 46رنز کی عمدہ آغاز کے باوجود مقررہ 20اوورز میں9 وکٹ کے نقصان پر بمشکل ہی 119رنز بناپائی۔
لاہور قلندرز کی طرف سے برینڈن میکلم 30، سنیل نارائن 28 اور سہیل اختر ناٹ آئوٹ 20 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے ۔
120رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن اور اسد شفیق میدان میں اترے ، دونوں بیٹسمینوں نے اننگز کے چاروں جانب کئی خوبصورت اسٹروک کھیلے۔
کوئٹہ گلیڈیٹرز کے واحد آئوٹ ہونے والے بیٹسمین شین واٹسن تھے ، جنہیں 92رنز پر سنیل نارائن نے بولڈ کیا ، انہوں نے 5چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے ، ان کی بیٹنگ نے میچ کو یک طرفہ بنادیا۔
سیٹ بیٹسمین کے آئوٹ ہونے اور نئے بلے باز عمر امین کی آمد کا فائدہ بھی لاہور قلندرز کے بائولر اٹھانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
اسد شفیق38 اور عمر امین13 ناٹ آئوٹ کے ذریعے میچ کو اختتام تک پہنچادیا ، لاہور قلندرز کی طرف سے واحد وکٹ سنیل نارائن کے حصے میں آئی ۔