لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بنچ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری کامقدمہ کے اندراج اور الطاف حسین کی طرف سے میڈیا پر بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت آج جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے فر یقین کے وکلاء کواپنی بحث جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سماعت کے دوران الطاف حسین کی وکیل عاصمہ جہانگیر نےدلائل میں کہاکہ الطاف حسین کے بیانات نشر کرنے کی پابندی سے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔آئین کی رو سے کسی کے اظہار رائے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔فاضل عدالت کے رو برودرخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین سمیت دیگر مرکزی رہنما میڈیا پر آ کر پاک فوج،رینجرز اور ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیان بازی کرتے رہے جو کہ غداری کے زمرے میں آتا ہے لہذا عدالت الطاف حسین کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت غداری کا مقد مہ قائم کرنے کا حکم صادر کرے۔