شارجہ (عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے باآسانی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کی خاص بات کیون پیٹرسن کی جارحانہ بیٹنگ تھی۔ اسلام آباد کی جانب سے 135 رنز کے ہدف کا تعاقب کوئٹہ نے 17.1 اوور میں ہی کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میںاسلام آباد کی سلو بیٹنگ کے بعد کوئٹہ کے کیون پیٹرسن اور محمد نواز کی تیز بیٹنگ نے میچ کو یک طرفہ بنادیا۔کوئٹہ گلیڈیٹرز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف میچ با آسانی چھ وکٹ سے جیت لیا۔ کوئٹہ نے تین میں سے دوسرا میچ جیتا ہے۔اسلام آباد کے نائب کپتان اور فاسٹ بولر رومان رئیس فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے انہیں اسٹریچر پر گراونڈ سے باہر لایا گیا۔ گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا رومان رئیس کی ٹورنامنٹ کے اگلے میچوں میں شرکت غیر یقینی ہے۔بد ھ کی شب کوئٹہ نے ہدف چار وکٹ کے نقصان پر 17گیندیں پہلے پورا کر لیا۔محمد نواز25 کپتان سرفراز احمد سات رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ کیون پیٹرسن نے34گیندوں پر48رنز بنائے۔ان کی اننگز میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔فن نےآوٹ کر کے تیسری وکٹ حاصل کی۔کے پی اور نواز کے درمیان70رنز کی شراکت قائم ہوئی۔اسلام آباد کے فاسٹ بولروں اسٹیو فن اور محمد سمیع نے ابتدائی تین وکٹ حاصل کرکے کوئٹہ کو مشکلات میں مبتلا کردیا۔پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین شین واٹسن تھے اسٹیون فن کی گیند پر رومان رئیس کو کیچ دے بیٹھے۔اس کے بعد عمر امین کو محمد سمیع نے بولڈ کردیا جبکہ اسد شفیق بھی برا شاٹ کھیل کر فن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔اسد شفیق نے چار چوکوں کی مدد سے22رنز بنائے۔ بدھ کی شب ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیتیڈ نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20اوورز میںسات وکٹ پر134 رنز بنائے تھے۔لیوک رونکی نے 26گیندوں پر43رنز کی اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف نے13گیندوں پر21رنز بناکر اسلام آباد کو بہتر اسکور بنانے میں مدد دی۔