• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین کی تقاریر کی نشر و اشاعت پر پابندی کیخلاف ایم کیو ایم کا احتجاج

کراچی، گھوٹکی، ڈوکری(نامہ نگاران، اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پرنٹ و الیکٹراک میڈیا پر الطاف حسین کی تقاریر کی نشر و اشاعت پر پابندی کیخلاف گھوٹکی اور ڈوکری میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک کی تقاریر، بیانا ت اور تصویر پر پابندی لگا کر سیاسی اور جمہوری عمل کی کھلی نفی کی جارہی ہے۔ جبکہ ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ الطاف حسین کی تقاریر کی نشر و اشاعت پر پابندی سے انکے کروڑوں چاہنے والے عوام کی دل آزاری ہورہی ہے اور انہیں اپنے قائد کے خطابات ، بیانات براہِ راست دیکھنے اور سننے کے حق سے محروم رکھنا سراسر ظلم ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی نے اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین ہی وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ملک میں سب سے پہلے طالبان ، القاعدہ اور داعش کے دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے حقائق بیان کئے جس سے ان کی حب الوطنی کا اندازہ لگایاجاسکتا ہے اور طالبان ، القاعدہ اور داعش کی موجودگی کے حقائق بیان کرنے والے قائد کے خطابات ، بیانات اور تصاویر پر پابندی عائد کرنا سراسر ملک کے استحکام کے خلاف عمل ہے۔حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی اسٹاف ، چیف جسٹس پاکستان سمیت چاروں صوبوں کے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ وہ الطاف حسین پر عائد پابندی کا فی الفور خاتمہ کریں اور اظہار رائے کے حق کو چھیننے کے عمل کی کی حوصلہ شکنی کرکے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں ۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم زون گھوٹکی کی جانب سے زون آفس سے پریس کلب تک الطاف حسین کی میڈیا پر پابندی کے خلاف سینکڑوں کارکنان نے ریلی نکالی جس میں بڑی تعداد میں خواتین کارکنان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زونل انچارج محمد یاسین وٹو ، رانا کبیر ، شوکت ملک اور دیگر نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین مظلوم عوام کی آواز اور ان کے قائد ہیں، الطاف حسین کی میڈیا اور تقریر پر پابندی سراسر غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پابندی کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔دریں اثناء ایم کیو ایم ڈوکری کے تحت الطاف حسین کی تقاریر کی نشر و اشاعت پر پابندی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ زونل انچارج آفتاب علی سومرو و اراکین زونل کمیٹی نے احتجاجی مظاھرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین لاکھوں پاکستانیوں کے ہر دلعزیز اور محبوب لیڈر ھیں جن کی آواز سننے کیلئے لاکھوں افراد بے چین ھیں جبکہ ان کے خطابات اور تصویر پر پابندی سراسر غیر قانونی ھے جو حق اور سچ کے آواز کو دبانے کے برابر ھے۔ اس موقع پر مظاھرین نے مطالبہ کیا کہ ھم اعلی عدلیہ سے مطالبہ کرتے ھیں کہ قائد تحریک الطاف حسین پر ناجائز اور غیر قانونی پابندی فوری طور پر ھٹائی جائے۔ اس موقع پر مظاھرین نے اپنے منہ پر پٹیاں باندھ کر اپنے قائد کے ساتھ یکجھتی کا اظھار کیا۔ مظاھرے کی قیادت زونل انچارج آفتاب علی سومرو، جوائنٹ زونل انچارج غلام یاسین میرانی اور اراکین زونل کمیٹی ظھور احمد سومرو، ساگر بروھی، وسیم کلھوڑو، امجد سانڈانو و دیگر نے کی۔ دریں اثناء آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس میں ایم کیو ایم کے حق پرست ممبران اسمبلی محمد طاہر کھوکھر اور سلیم بٹ الطاف حسین کی تقاریر اور خطابات پر پابندی کے خلاف سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈرمحمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد کی تصاویر اور تقاریر پر نشرو اشاعت پر پابندی غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام ہے۔ ایم کیو ایم کے منشور اور الطاف حسین کے فکرو فلسفہ سے متاثر لاکھوں لوگوں کا یہ آئینی حق ہے کہ وہ سیاسی سرگرمیاں کریں اور اپنے منشور کو پھیلانے میں بھی انہیں آئینی حق حاصل ہے جس پر اعلانیہ اور غیر اعلانیہ پابندی نہ صرف جمہوری اصولوں کے خلاف ہے بلکہ آئین پاکستان کے بھی خلاف ہے۔
تازہ ترین