اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دو شخصیات کی لڑائی دو صوبوں کی لڑائی نہیں ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر ایک ہو جائیں گی، خیبرپختونخوا پاکستان کی شہ رگ ہے لیکن اسلام آباد اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے۔پنجاب میں بھی نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہونا چاہئے اور امید ہے کہ یہاں جلد آپریشن شروع ہو جائے گا۔ چوہدری نثار علی کو برسوں سے جانتا ہوں ،ان کے دل میں کوئی بات ہوتی ہے تو وہ بے دھڑک کہہ دیتے ہیں چاہے کسی کو اچھی لگے یا بری۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالات ٹھیک ہوں گے تو خیبرپختونخوا میں بھی امن ہو گا۔ وہ پشاور میں غلام احمد بلور کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔دریں اثناء چوہدری شجاعت اور ق لیگ کے سینئرمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشہ النعیمی نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایران عرب تعلقات، خطہ کی صورتحال، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔