• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سازشیں ناکام ہوچکیں،ہماری ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے،احسن اقبال

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کا شعور اب نابالغ نہیں، بالغ ہو چکا ہے،ناکام سیاستدانوں کی طرف سے ماضی میں کی جانے والی وارداتوں کی اب کوئی گنجائش نہیں ‘ عمران خان نے نوشتہ دیوارپڑھ لیاہے‘ناکام سیاست دانوں کی سازشی تھیوریاں ناکام ہو گئی ہیں جبکہ صرف ایک شخص کے خلاف فیصلے دیئے جا رہے ہیں اور ایک سیاسی جماعت کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے۔ نواز شریف تو نااہل ہو گئے لیکن مسلم لیگ ( ن ) نااہل نہیں ہو سکی ‘ن لیگ جنگ وجدل کا پروگرام نہیں رکھتی ‘اگر گتھم گتھا رہے تو ہم رن وے پر کریش کرجائیں گے‘اب 20 کروڑ عوام اسٹیبلشمنٹ بن چکی ہے۔ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو سازش کے تحت پارٹی ٹکٹ سے محروم کیا گیا‘اداروں کے درمیان کسی محاذ آرائی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، ہر ادارے کو اپنی حد کے اندر دوسرے کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہے‘ آج مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو آزاد امیدوار بنایا گیا تاکہ ان کی صفوں میں دراڑیں پڑ سکیںمگرمسلم لیگ (ن) جنگ و جدل کی خواہش نہیں رکھتی، ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر آئین کی روشنی میں ملکی ترقی و استحکام کو جاری رکھیں گے ‘پاکستان میں بڑی تبدیلی آ چکی ہے، اب یہ فیصلے بیس کروڑ عوام کو کرنے چاہئیں‘ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہو گی، مسلم لیگ (ن) نے ہارس ٹریڈنگ کی مخالفت کی اگر اس کا حصہ بنتے تو بلوچستان میں جو کھیل کھیلا گیا وہ اپنے منطقی انجام تک پہنچاتے لیکن ہم نے اصولی فیصلہ کیا، جمہوری کلچر میں وائرس کو ختم کیا جائے جو ہارس ٹریڈنگ کرے گا وہ بے نقاب ہو گا‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے، پاکستان کے عوام ان کی منفی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں ۔ان کا کہناتھاکہ عالمی میڈیا عدلیہ کے بارے میں جو تبصرے کر رہا ہے میں خون کے آنسو رو رہا ہوں، قوم ے لئے صدمہ ہے کہ سب سے بڑے عدالتی فورم کے بارے میں دنیا انگلی اٹھا رہی ہے‘ ہمارے دل رنجیدہ ہیں‘پاکستان میں بڑی تبدیلی آ چکی ہے‘ اب اسٹیبلشمنٹ کی تعریف بدل چکی ہے،20کروڑ عوام اسٹیبلشمنٹ بن چکی ہے۔
تازہ ترین