سرگودھا؍ گجرات (جنگ نیوز) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 30سرگودھا میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار یاسر ظفر سندھو کامیاب ہو گئے ہیں اور یوں ن لیگ نے ایک بار پھر عمران کو ہرادیا۔ تمام 137پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار یاسر ظفر سندھو 42736ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار ساجد محمود 23586ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب گجرات کے کوٹلہ عرب علی خان اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا بیانیہ عوام کے دل میں اترچکااور اب فیصلہ کن جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے کیوں کہ عوام اور پارلیمنٹ نے میری نااہلیت مسترد کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے غصے اور انتقام میں آرہے ہیں اور یہ انتقام نواز شریف سے لیا جارہا ہے، عوام نے 2018 کے انتخابات میں صرف ووٹ نہیں ڈالنا بلکہ انقلاب لانا ہے،عوام ووٹ سے انقلاب لائیں، سینیٹ الیکشن میں میرے دستخطوں پر اعتراض لگایا، میرے دستخط تو ایٹمی پروگرام، ججوں کی تقرری، سی پیک ، موٹروے اور بجلی کارخانوں پر بھی ہیں، کیا یہ سب بھی ختم کردوگے۔ نواز شریف نے کہا کہ یہ فیصلے بہت پہلے آئے اور آج بھی آرہے ہیں لیکن عوام کے دلوں سے نواز شریف کو کس طرح نکالو گے، اگر سب کچھ چھین رہے ہو تو میرا نام بھی چھین کر دکھاؤ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ ٹکٹوں پر نواز شریف کے دستخط ہونے کی وجہ سے ہمارے امیدواروں سے پارٹی کا نام چھین لیا گیا، نواز شریف کی مہر اور دستخط ایٹمی پروگرام کے اعلان پر بھی ہے، کیا ایٹمی پروگرام کو بھی ختم کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے کو ختم کردو، ہوائی اڈے بھی ختم کردو ان پر بھی نواز شریف کا نام ہے،کون کون سے جج نواز شریف کے دستخطوں سے اعلیٰ عدالتوں میں بیٹھے ہوئے ہیں کیا انہیں بھی ختم کردیا جائے گا۔