ا لاہور( نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرگودھا میں عوام نے جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر دیا،پاکستان مسلم لیگ ن عام انتخابات میں بھی واضح اکثریت حاصل کرے گی، پاکستان کے 22کروڑ عوام جھوٹ اورالزام تراشی کیمنفی سیاست پسند نہیں کرتے وہ ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں ، دوبارہ برسراقتدار آکر مزید میگا پراجیکٹ لائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارکوٹ مومن پی پی30 کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر یاسر ظفر سندھوکو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام 2018 ء کے انتخابات میں ترقی اورخوشحالی کو ووٹ دیں گے۔جھوٹ اورالزام تراشی کی سیاست اپنی موت آپ مرجائے گی۔پاکستان کی ترقی کا سفرجاری ہے اورجاری رہے گا۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ترقی اورخوشحالی عوام کا حق ہے جسے کوئی روک نہیں سکتا۔ترقی کے سفر میں حائل ہونے والوں نے دراصل عوام کے ساتھ دشمنی کامظاہر ہ کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کی ہے،عوام اورپاکستان کے لئے آخری سانس بھی وقف ہے ۔آج کا پاکستان ماضی کی نسبت زیادہ پرامن اورترقی یافتہ ہے۔انرجی پراجیکٹ،تعلیم ،صحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی متوازن پالیسیوں کے باعث پاکستان خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ۔عوام کے فلاح وبہبود کے ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔