• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرگ ایکٹ کیخلاف پنجاب میں میڈیکل اسٹورز کی ہڑتال

ڈرگ ایکٹ کیخلاف پنجاب میں میڈیکل اسٹورز کی ہڑتال

پنجاب میں میڈیکل اسٹورز کی ڈرگ ایکٹ کے خلاف ہڑتال، مختلف شہروں میں بیشتر میڈیکل اسٹورز بند ہیں جبکہ صارفین کو دواؤں کے حصول میں مسائل کا سامنا ہے۔

پنجاب کیمسٹ کونسل اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ہڑتال کا اعلان کے بعد لاہور میں جزوی طور پر میڈیکل اسٹورز بند ہیں، میڈیکل اسٹورز کی حفاظت کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

ڈرگ ایکٹ 2017 میں ترمیم نہ کیے جانےکے خلاف پنجاب کیمسٹ کونسل اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال اور دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا تھا تاہم لاہور میں ہڑتال کی صورتحال اعلان کے برعکس ہے۔ یہاں مکمل طور پر میڈیکل اسٹور بند نہیں ہیں۔

اس موقع پر میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں ہڑتال کرنے اور دکانیں بند کرنے کا کوئی پیغام نہیں دیا گیا۔ جو میڈیکل اسٹور کھلے ہیں وہاں پولیس اہلکار تعینات ہیں تاکہ کوئی زبردستی دکانیں بند نہ کروا سکے۔

لوہاری گیٹ میں ہول سیل ایسوسی ایشن نے ہڑتال کے بینرز آویزاں کیے ہوئے ہیں، مارکیٹ مکمل طور پر بند ہے، جبکہ ادویہ ساز کمپنیوں کے مالکان پریس کلب کے سامنے ڈرگ ایکٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

دوسری جانب وزیر صحت خوجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ کیمسٹوں کی ملاقات سیاسی مصروفیات کےباعث ملتوی ہوئی تھی،ملاقات کے لیے دوبارہ وقت لیا جائے گا۔

تازہ ترین