سرگودھا کے سیٹلائٹ ٹائون میں اغوا کے بعد قتل کا تیسرا واقعہ رونما ہوگیا،ہوٹل میں کام کرنے والے 14 سالہ فرسٹ ائر کے طالبعلم عمیر کو بھی تشدد کے بعد جان سے مارا گیا ۔
عمیر آج صبح ہوٹل کے قریب زیر تعمیر عمارت سے شدید زخمی حالت میں ملا ،جسے اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبرد نہ ہوسکا۔
عمیر کو کیوں قتل کیا گیا،،وجوہات کیا تھیں پتہ نہیں چل سکا، سرگودھا میں ایک ہی طریقے سے قتل کی تیسری واردات ہے۔
پولیس کے مطابق سیٹیلائٹ ٹاون میں ہوٹل کا ملازم عمیر رات میں ہوٹل سے پُراسرار طور پر غائب ہوا اور آج صبح قریبی زیرتعمیر پلازا سے زخمی حالت میں ملا، اسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ 5 منٹ بعد ہی زندگی کی بازی ہارگیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق 14 سال کے عمیر کے چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، ایسا لگتا ہے کہ عمیر کو کسی راڈ سے مارا پیٹا گیا ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے تاہم فوری طور پر کوئی پیشرفت سامنے نہیں آسکی۔
پولیس کے مطابق سرگودھا میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران 2 افراد کو تشدد کے بعد قتل کیا جاچکا ہے تاہم پولیس ان کیسز پر کوئی قابل ذکر پیشرفت نہیں کرسکی،حیرت انگیز طور پر گذشتہ دونوں کیسز میں قتل کیے گئے افراد کو لوہے کی راڈ سے ہی تشدد کیا گیا اور ان کی لاشیں زیرتعمیر پلازا سے ملیں۔