• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،اسلام دشمن طاقتیں سازش کے تحت اسلامی ممالک کو تباہ کررہی ہیں

سکھر (بیورو رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا امجد خان نے کہا ہے کہ اسلام دشمن طاقتیں سازش کے تحت اسلامی ممالک کو تباہ کررہی ہیں۔ افغانستان، عراق اور لبیا کے بعد شام میں وحشیانہ بمباری کی جارہی ہے۔ امت مسلمہ خون کے آنسو رورہی ہے، عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، عالم اسلام متحد ہوجائے ۔ وہ مدرسہ انوار توحید مصطفائیہ آباد لاکھا میں ہونے والی سالانہ سیرت خاتم الانبیاء و دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر علامہ راشد محمود سومرو، مولانا سراج احمد شاہ امروٹی، مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبدالحق مہر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو کر دشمن طاقتوں کی مسلمان دشمن و اسلام مخالف کارروائیوں کا مقابلہ کرے۔ اب پوری دنیا میں اسلامی انقلاب آرہا ہے۔ امریکا افغانستان میں بری طرح شکست کھا چکا ہے۔ اب مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے مگر اب شکست و ریخت اس کا مقدر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور دینی مدارس اور علمائے کرام پاکستان کے محافظ ہیں۔ پاکستان کے خلاف اگر کوئی کارروائی کی گئی تو لاکھوں علماء ، طلباء اور مذہبی کارکن کفن سروں پر باندھ کر میدان میں نکل آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے جلسوں میں لاکھوں کی تعداد میں سندھ کے لوگوں کی شرکت اسلامی انقلاب کی نوید ہے۔ اب دنیا کی کوئی طاقت اسلام کا راستہ روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جے یو آئی کی مقبولیت کو دیکھ کر سندھ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر ہمارے کارکنوں اور علمائے کرام کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، مدارس، مساجد پر پابندیاں لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں مگر ہم پوری عوامی طاقت کے ساتھ اس کا مقابلہ کرکے اسے ناکام بنادیں گے،سندھ باب الاسلام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے غیر مقبول فیصلوں کی وجہ سے غیر مقبول پارٹی بن چکی ہے، آئندہ انتخابات میں سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے۔
تازہ ترین