پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) تھری کے17ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 153 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 20 اوورز میں کپتان شعیب ملک کے ناقابل شکست 65 رنز کی اننگز کی بدولت 5 وکٹ 152 رنز بنائے، قابل دفاع ٹارگٹ سیٹ کرنے میں صہیب مقصود27، سہیل تنویر 19،روس وائٹلے 16رنز بھی قابل ذکر رہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
شعیب ملک الیون کی طرف سے احمد شہزاد اور کمارا سنگاکارا نے اننگز کا آغاز کیا، اس بار سرفراز الیون نے پہلے 2 اوورز میں ہی دونوں اوپنرز کو قابو کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی کو پہلے اوور کی پہلی گیند پر کمارا سنگاکارا ( صفر ) کی اہم وکٹ مل گئی، محمد نواز نے ایونٹ کے ٹاپ اسکورر کو حسن خان کی مدد سے پویلین کا راستہ دکھایا۔
اگلے اوور میں انور علی نے وکٹ کے پیچھے کھڑے سرفراز احمد کی مدد سے احمد شہزاد (1رنز) کو میدان چھوڑنے پر مجبور کردیا۔
ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 41 کے اسکور پر سہیل تنویر کی صورت میں گری، 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 19 رنز بنانے والے بیٹسمین کو شین واٹسن نے بولڈ کیا۔
چوتھی وکٹ پر صہیب مقصود اور کپتان شعیب ملک نے 40 قیمتی رنز کی شراکت قائم کی،81 کے اسکور پر گزشتہ میچ میں 85 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے والے صہیب مقصود اس بار 27 رنز پر روک دیے گئے، انہوں نے اس دوران 1 چھکا اور 2چوکے لگائے،ان کی وکٹ لافلن کے حصے میں آئی۔
ملتان سلطانز کی پانچویں وکٹ 119 کے اسکور پر گر گئی،شعیب ملک کے ساتھ اسکور میں تیزی سے اضافہ کرنے والے روس وائٹلے (16 رنز) کو راحت علی نے میدان بدر کیا۔
چھٹی وکٹ پر کپتان کا ساتھ دینے کے کیرون پولارڈ میدان میں اترے، اس دوران شعیب ملک نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے 3 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 65 رنز ناٹ آئوٹ کئے، پولارڈ نے اس دوران کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور 1چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 15 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد نواز، راحت علی، انور علی،لافلن،شین واٹسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد ٹاس کے لئے میدان اترے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے آج کا میچ بہت اہم ہے، کامیابی کے صورت میں اس کے ایونٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہوجائیں گے ۔
سرفراز الیون میں کیون پیٹرسن،شین واٹسن،اسد شفیق،عمر گل، رمیز راجہ جونیئر،محمد نواز،انور علی ، راحت علی ،روسو اور بین لافلن شامل ہیں۔
شعیب ملک کی قیادت میں احمد شہزاد ، کمارا سنگاکارا،صہیب مقصود،عمران طاہر،کیرون پولارڈ،سہیل تنویر،عرفان خان،سیف بدراورروس وائٹلے میدان میں اتر ے ہیں۔
یہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ ہے ،13 مارچ کو شارجہ میں ہونے والے مقابلے میںملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9وکٹ سے شکست دی تھی ۔
ایک طرف شارجہ میں جیت سے حاصل ہونے والی نفسیاتی برتری کی حامل شعیب ملک الیون کی ٹیم ہے تو دوسری طرف سرفراز الیون پہلی شکست کا داغ دھونے کے لئے میدان میں اتر رہی ہے۔