لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ عد لیہ کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پیمرا 13مارچ کو بلائے جانے والے اجلاس میں نواز شریف، مریم نواز و دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف عدلیہ مخالف تقاریر کا جائزہ لے کر توہین آمیز مواد کی نشریات پر کارروائی سے متلعق حتمی رپورٹ پیش کرے،عدالت نے نواز شریف کے وکیل کو 15 مارچ کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے آمنہ ملک کی درخواست پر سماعت کی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز ودیگر کی عدلیہ مخالف تقاریر کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ، نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے دلائل دئیے کہ توہین عدالت سے متعلق مقدمات سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں لہذاء درخواست ناقابل سماعت قرار دی جائے،درخواستگزار وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نواز شریف کے وکیل عدالت میں بیان حلفی جمع کروا دیں کہ آئندہ عدلیہ مخالف تقاریر نہیں ہونگی تو انہیں کوئی اعتراض نہیں جس پر نواز شریف کے وکیل نے بیان حلفی جمع کروانے سے انکار کر دیا اور موقف اختیار کیا کہ وہ آئیندہ سماعت پر درخواست کے ناقابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل دیں گے۔