کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (فنکشنل )نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ملک خصوصا ً سندھ میں کرپشن کے خلاف متحد ہوکر بھر پور آواز اٹھائی جائے گی۔ اس سلسلے میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا بھی تعاون حاصل کیا جائے گا ۔دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان یہ اتفاق رائے ہفتہ کو امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا کے درمیان کنگری ہائوس میں ظہرانہ پر ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا ۔ملاقات میں دونوں سیاسی رہنمائوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (فنکشنل)کے مابین ممکنہ سیاسی تعاون کے فروغ اور دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر پیر پگارا نے امیر جماعت اسلامی کے اعزاز میں ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا تھا ۔