لاہور (جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی تقاریر، بیانات اور تصاویر کی نشرواشاعت پر عائد غیر جمہوری پابندی کے خلاف ایم کیو ایم کے تحت لاہور پریس کلب، اسلام آباد پریس کلب اور ملتان پریس کلب سمیت پنجاب کے دیگر پریس کلب جن میں فیصل آباد پریس کلب، منڈی بہاؤالدین پریس کلب، جھنگ پریس کلب،سیالکوٹ پریس کلب، گجرات پریس کلب، ڈیرہ غازی خان پریس کلب، لودھراں پریس کلب، جام پور پریس کلب اور رحیم یار خان پریس کلب شامل ہیں ان کے سامنے بھی بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم سینٹرل پنجاب کے صدر سید شاہین انور گیلانی، سینئر نائب صدر ملک وسیم کھوکھر، نائب صدور منیر احمد، حارث خان کاکٹر، عرفان احمد، سیکریٹری جنرل میاں راشد علی سمیت دیگر ذمہ داران اور بڑی تعداد میں کارکنان و حق پرست عوام نے شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ’’غیر جمہوری پابندی ختم کرو‘‘، ’’لاہور ہائی کورٹ انصاف کرو‘‘ ، ’’آزادی رائے پر پابندی ختم کی جائے‘‘ اور ’’قائد تحریک کی تقاریر و تصاویر کی نشر واشاعت پر عائد پابندی فی الفور ہٹائی جائے‘‘ درج تھے جبکہ اسکے ساتھ ہی مظاہرین نے الطاف حسین کی تصاویر، ایم کیو ایم اور پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید شاہین انور گیلانی نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کو اظہار رائے کا حق دیتا ہے اور الطاف حسین کی اظہار رائے پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کالعدم تنظیمیں اور رہنما کھلے عام آئین پاکستان کو ماننے سے انکار کرتے رہتے ہیں اور پاکستان کی مسلح افواج سمیت ملک و قوم کیخلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کرتے رہے ہیں لیکن اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا بلکہ الطاف حسین جنہوں نے ہمیشہ اس قسم کے ملک دشمن عناصر کیخلاف آواز بلند کی اور ملک و قوم کو طالبان، القاعدہ اور داعش کی موجودگی کے بارے میں قبل از وقت مطلع کرکے ان کالعدم تنظیموں کی راہ میں رکاوٹ بنے ان کیخلاف ایک سازش کے تحت پابندی لگادی گئی جو کہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام الطاف حسین کی صحت ، تندرستی اوتحفظ کے لئے لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں دعائیہ تقریب کا اجتماع منعقد کیا گیا ۔ اجتماع میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی رکن زرین مجید،رانا نسرین شعبہ خواتین کی انچارج کشور زہرا ، اراکین شعبہ خواتین ،دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین، ،حق پرست اراکین اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔