دبئی (عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں سرفراز احمد کی میچ وننگ اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں کھیلنے کے امکانات کو روشن کر لیا ہے۔اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی پشاور کی ٹیم کو دوسرے مرحلے میں جانے کیلئے دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔کوئٹہ نے158رنز کا ہدف دو گیندیں پہلے پورا کر لیا۔ ہفتے کی شب دبئی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے نتیجے کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم یقینی طور پر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔لاہور کی ٹیم اگر آخری تینوں میچ جیتی ہے تو پھر بھی لاہور کا اگلے مرحلے میں جانے کا چانس ختم ہوگیا ہے۔ سرفرازاحمد اور ائیلی روسو کی بیٹنگ نے ہدف کو آسان کردیا۔سرفراز احمد نے ناقابل شکست45رنز 31گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے بنائے۔روسو 30رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔سرفراز اور روسو کے درمیان 74رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔کوئٹہ کی اننگز میں شین واٹسن نے37رنز کی اننگز کھیلی۔کیون پیٹرسن 21رنز بناکر آوٹ ہوئے۔