کرسمس سے قبل لندن کے سیاحتی مقامات اور دیگر معروف علاقوں میں اندھیرا چھا جانے کے بعد جرائم اور غیرسماجی رویہ کو روکنے کیلئے سینکڑوں پولیس افسران کو تعینات کردیا گیا ہے، جو مقامی بزنسز اور کونسلوں کے ساتھ مل کر شاپنگ کیلئے آنے والے افراد کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔
زیادہ رش والے علاقوں میں یونیفارم والے افسران کے علاوہ سادہ کپڑوں میں بھی افسران موجود ہیں جو شاپ لفٹرز اور خواتین اور لڑکیوں کو تشدد کی دھمکیاں دینے والی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
میئر لندن سر صادق خان کے آفس سٹی ہال نے جرائم سے نمٹنے اور عوام کے اعتماد کی بحالی کیلئے مالی تعاون کیا ہے۔
چاقو کے جرائم سے نمٹنے کیلئے میٹ پولیس ویسٹ منسٹر، لیمبتھ، سدک اور ہیرنگے کے مقامات کی نشاندہی ڈیٹا کے تجزیہ سے کر رہی ہے جہاں یہ جرائم عام ہیں، جرائم کے انسداد کیلئے پولیس افسران کے پاس لائیو فیشل ریگینشن، ٹریفک انٹرسپٹر اور ای بائیک کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔
سٹی ہال کے مطابق سال کے اس وقت کو گولڈن کوارٹر کہا جاتا ہے جب لندن میں ایک بلین پاؤنڈ سے زیادہ کا کاروبار ہوتا ہے۔ میئر لندن سر صادق خان کا کہنا ہے کہ لندن کا کوئی موازنہ نہیں اور اس کی ہائی اسٹریٹس، ری ٹیلرز اور ریسٹورنٹس لوگوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہیں۔