• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ،کیبل آپریٹرز کااحتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

سکھر (بیورو رپورٹ) کیبل آپریٹرز نے کہا ہے کہ انکے ساتھ 5سال سے ناانصافی ہورہی ہے، ہمارا معاشی قتل عام ہورہا ہے، ٹیکسز لگادیے گئے ہیں احتجاجی تحریک شروع کرنیکا اعلان کرتے ہیں ۔ آل سکھر کیبل آپریٹرز کی جانب سے سکھر کے مقامی ہوٹل میں کیبل ٹی وی کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخواہ ااور بلوچستان کے کیبل آپریٹرز اور ڈسٹری بیوشنز نے شرکت کی۔ کنونشن کے چیف آرگنائزر عرفان کھوسو نے ملک بھر سے آنیوالے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ کنونشن میں کیبل آپریٹرز کی ان ہاوٴس فیس ختم کرنے، سی لائن اور غیر قانونی ڈش کی فروخت پر پابندی لگانے اور کیبل ٹی وی کو انڈسٹری کا درجہ دینے کے مطالبات کئے گئے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کے چیف آرگنائزر عرفان کھوسو نے کہا کہ پروگرام کا مقصد کیبل آپریٹرز کی آواز ایوانوں تک پہنچانا ہے، کیبل آپریٹرز کے ساتھ 5 سال سے ناانصافی ورہی ہے، معاشی قتل عام ہورہا ہے، ٹیکسز لگادیے گئے ہیں، اراکین قومی اسمبلی کیبل آپریٹرز کے مسائل پر اسمبلی میں بات کریں۔ ہم سب ملکر مسائل کے حل کی جدوجہد کرینگے، یہ تحریک مسائل کے حل تک جاری رہے گی۔ اسلام آباد کیبل آپریٹرز کے چوہدری کامران خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ کیبل آپریٹرز کے حقوق کے لیے تحریک چلائیں گے، کونے کونے میں لے کر جائینگے، گلی گلی تحریک لے کر جائیں گے، حکمران اپنے رویے تبدیل کریں، کیبل آپریٹرز میں شعور آگیا ہے، کیبل آپریٹرز کے خلاف سازش کی گئی تو پورے ملک کے کیبل آپریٹرز اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں، سمجھدار کے لیے اشارہ کافی ہے، میڈیا پورے پاکستان کی آواز سنے، میڈیا سب کا خیال رکھے، ہم نہ ڈرے ہیں اور نہ آئندہ ڈرینگے، کیبل آپریٹرز کے مفاد کے خلاف کوئی کام نہیں کر ینگے، کیبل آپریٹرز کو ہر شہر میں الیکشن کرانے چاہئیں، موت کو گلے لگانا پسند کروں گا مگر بکوں گا نہیں نہ ہی ڈروں گا۔ لاہور کیبل آپریٹرز کے صدر چوہدری سجاد نے کہا کہ ہم اتحاد کا مظاہرہ کرنے آئے ہیں، جب تک جان میں جان ہے مسائل کے حل کی جدوجہد کریں گے، پیمرا ہمارے مسائل اس لیے حل نہیں کررہا کیونکہ ہم متحد نہیں، سی لائن کو بند کرانے کے لئے نئے چیئرمین پیمرا سے میٹنگ کرینگے۔ دن ہو یا رات ہو، ہم آپ کیساتھ کھڑے ہیں، کیبل آپریٹرز اتحاد کا مظاہرہ کریں، جب تک متحد نہیں ہونگے تب تک مسائل حل نہیں ہونگے۔ خیبرپختونخواہ کیبل آپریٹرز کے صدر نادر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کیبل آپریٹرز تمام نیوز چینل لوگوں کے گھر تک پہنچاتا ہے، کیبل آپریٹرز کو ملک بھر میں تحفظ فراہم کیا جائے، جس طرح ڈش وی پر ایکشن لیا اسی طرح سی لائن پر ایکشن لیا جائے، پیمرا کیبل انڈسٹری کو نقصان پہنچانے والے کاموں پر خاموش ہے، اخراجات زیادہ اور ہماری فیسز کم ہے، پیمرا ہم پر اضافی ٹیکس لگارہا ہے جسے نامنظور کرتے ہیں، کیبل آپریٹرز کی اربوں کی سرمایہ کاری ہے اسے محفوظ بنایا جائے، کیبل آپریٹرز متحد ہوکر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کریں۔کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری عابد رحمان نے کہاکہ مسائل کے حل کے لئے پورے پاکستان سے کیبل آپریٹرز کو جمع کیا گیا ہے، ہم سب کو ملکر اپنے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ کنونشن سے رکن قومی اسمبلی نواب خان وسان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اچھے کام کے لیے یہاں آئے ہیں، کیبل آپریٹرز کے ساتھ ہیں، اسمبلی میں آ واز اٹھا ئینگے، کیبل آپریٹرز کو ہر طرح سے سپورٹ کرنے کو تیار ہیں۔
تازہ ترین