خیرپور(بیورو رپورٹ) تحصیل کوٹڈیجی کے گوٹھ مٹھڑی کا پسند کی شادی کرنے والا جوڑا مسمات فضیلہ سنجرانی اور اشفاق احمد رڈ تحفظ کے لئے سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ پہنچ گیا، جہاں مسمات فضیلہ سنجرانی نے عدالت کو بتایا کہ 5 ماہ قبل ان کے شوہر نے اس کو طلاق دی تھی جس کے بعد انہوں نے گزشتہ 3 مارچ کو اشفاق احمد رڈ کے ساتھ نکاح کیا۔ پسند کی شادی پر ان کے رشتیدار ان کے دشمن بن گئے ہیں اور انہوں نے ان کو اور ان کے شوہر کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایس ایچ او کوٹڈیجی نے ان کے شوہر اشفاق احمد سمیت 5 افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا ہے حالانکہ ہم نے ایس ایچ او کو نکاح نامہ بھی ایف آئی آر درج کرنے سے پہلے تھانے پہنچایا۔ اس کے باوجود ایس ایچ او نے ایف آئی آر درج کی۔ وہ تحفظ چاہتے ہیں جس پر عدالت نے مسمات فضیلہ اور ان کے شوہر اشفاق احمد کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا اور ایس ایچ او کوٹڈیجی منشاد احمد کلوڑ اور انکوائری افسر اختر حسین کو 3 اپریل کو عدالت میں طلب کر لیا۔