• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،پولیس کا کریک ڈائون،5منشیات فروش گرفتار،ساڑھے 8کلو چرس برآمد

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 5منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ساڑھے 8 کلو چرس برآمد کرلی، ڈاکوؤں، جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کے لئے بھی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 7مشتبہ افراد سمیت 20اشتہاری و روپوش ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، جن کیخلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ عوامی شکایات ، فرائض سے غفلت اور رشوت لینے پر 3پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کر کے لاکپ میں بند کردیا گیا۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع بھر میں معاشرتی برائیوں کے خاتمے بالخصوص منشیات فروشوں کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کی جانب سے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور پولیس کو جہاں بھی منشیات فروشی کی اطلاع ملتی ہے وہاں پر کارروائی کرکے ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جاتا ہے، منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے بھرپور انداز سے کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے، تھانہ بی سیکشن، سی سیکشن، آباد اور تھانہ نیوپنڈ کی حدود میں کی جانیوالی کارروائیوں میں 5 منشیات فروشوں امداد علی، عطاء اللہ، عثمان، میر محمد اور رمضان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے ساڑھے 8کلو سے چرس برآمد ہوئی ہے، متعلقہ تھانوں میں منشیات فروشوں کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں ڈاکوؤں او رجرائم پیشہ عناصر، روپوش اور اشتہاریوں کے خلاف بھی کارروائیاں کرکے انہیں قانون کی گرفت میں لایاجا رہا ہے، نیوپنڈ، اےئر پورٹ، سائیٹ ایریا، روہڑی، بچل شاہ، بیراج کالونی، نمائش، گولیمار، کندھرا اور صالح پٹ سمیت دیگر علاقوں میں کئے گئے سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 7 مشتبہ افراد، 6 روپوش، 3اشتہاری سمیت 20 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن کی شناخت عبدالماجد ، نبی بخش ، اختیار، نعمان، امتیاز، غلام قادر، پٹھان، عبدالرشید، نوید، امداد علی، عطاء اللہ، عثمان ودیگر کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزمان میں سے متعدد ملزمان اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلوں سمیت جرائم کی دیگر سنگین وارداتوں میں مختلف تھانوں کی پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ جبکہ تھانہ آباد سمیت دیگر تھانوں میں تعینات 3اہلکاروں قیصر نواز، علی رضا اور غلام مرتضیٰ کیخلاف فرائض سے غفلت برتنے اور رشوت لینے کی شکایات ملنے پر تینوں اہلکاروں کو معطل کرکے لاکپ کردیا ہے۔ پولیس نے شہر کے مختلف چوراہوں اور شاہراہوں پر بھی اچانک اسنیپ چیکنگ کرتے ہوئے 4 کم عمر ڈرائیورز نواز، شفیق، نصیب علی، فرحان کو حراست میں لیا ہے جبکہ 10سے زائد گاڑیوں کے رنگین شیشے، 17 سے زائد گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹس اور 13سے زائد غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی ہیں۔ اسٹریٹ کرائم، سماجی برائیوں کے خاتمے، سماج دشمن عناصر، روپوش و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ تمام تھانہ انچارجز اور پولیس افسران کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ افراد اور معاشرتی برائیاں پھیلانے والوں کا قلع قمع کرنے کے لئے اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کریں، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی و لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی، تمام تھانوں کے انچارجز اپنے اپنے علاقوں میں پولیس گشت اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو تیز کریں، رات دیر گئے تک پیٹرولنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے، پولیس افسران و اہلکاروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر کسی کیخلاف بھی رشوت لینے کی شکایت موصول ہوئیں تو متعلقہ عملے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور اگر درخواست گزاروں سے یہ شکایات بھی آئیں کہ تھانے آنے والوں سے ایس ایچ او نے ملاقات نہیں کی یا ان کا مسئلہ نہیں سنا تو متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لای جائے گی اور انہیں عہدے سے ہٹادیا جائے گا۔
تازہ ترین