• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

صرف میٹھا نہیں، بہت میٹھا ہوجائے۔۔۔۔

صرف میٹھا نہیں، بہت میٹھا ہوجائے۔۔۔۔

کیا خیال ہے، اِس اتوار دسترخوان کی شان بڑھانے کے لیےکچھ خاص میٹھا نہ بنایا جائے۔ تو لیجیے، ڈش کا نام، ترکیب سوچنے کا تردّد تو ہم ختم کیے دیتے ہیں کہ اس بار آپ کے لیے کچھ میٹھے پکوانوں کی تراکیب ہی پیش کی جارہی ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی ڈش ٹرائی کرکے اہلِ خانہ سے اپنے ہاتھوں کے ذائقے کی داد پائیں۔

انڈے کا حلوا

اجزاء: انڈے دس عدد، سبز الائچی چار عدد، گھی ڈیڑھ پائو، چینی سوا پائو اور خشک میوہ جات حسبِ ضرورت۔

ترکیب : انڈے توڑ کر ان میں چینی مکس کریں اور اس قدر پھینٹیں کہ جھاگ بن جائے۔اب ایک پتیلی میں گھی گرم کرکے الائچی ڈال کر کڑکڑائیں۔پھر انڈے کا آمیزہ شامل کردیں۔ مسلسل چمچ چلاتی رہیں، جب اچھی طرح بُھن جائے، تو خشک میوہ جات بھی شامل کردیں۔ اس دوران چمچ چلانے کا عمل جاری رکھیں۔ جب خوشبو آنے لگے تو چولھے سے اُتار لیں۔اس لذیذ اور مقوّی حلوے کی خاصیت یہ ہے کہ کئی دِنوں تک خراب نہیں ہوتا۔

انڈے کی کھیر

اجزاء:انڈے دس عدد، دودھ ایک کلو، چینی آدھا کلو، الائچی چھے عدد، چاندی کے چند ورق،خشک میوہ جات حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب :انڈوں میں چینی اور دودھ مکس کرکے خُوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔اب تیل گرم کریں اور الائچی ڈال کر کڑکڑائیں۔ پھر انڈوں کا آمیزہ شامل کردیں۔ مسلسل چمچ چلاتی رہیں، یہاں تک کہ آمیزہ گاڑھا ہوجائے۔ چولھے سے اُتار کر ٹھنڈا کرلیں اور چاندی کے ورق لگا دیں۔ لیجیے، مزے دار کھیر تیار ہے۔

سوجی کا سادہ حلوا

اجزاء:سوجی ایک کپ، چینی حسبِ ضرورت، گھی سوا پائو، خشک میوہ جات اور الائچی حسبِ منشا۔

ترکیب : کڑاہی میں گھی گرم کرکے الائچی کڑکڑائیں۔پھر اس میں سوجی ڈال کر اچھی طرح بھون لیں، براؤن ہونے پر تھوڑا سا پانی، چینی اور خشک میوے شامل کرکے پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ گاڑھا ہوجائے، تو اُتارلیں۔

ناریل کا حلوا

اجزاء:ناریل آدھا کلو (کدوکش کیا ہوا)، چینی آدھا کلو، سوجی آدھا پائو، چھوٹی الائچی چند دانے، خشخاش تولہ بَھر (پیس لیں) اور تیل یا گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب : کڑاہی میں تیل یا گھی گرم کریں اور سُوجی اچھی طرح بھون لیں۔ پھر کدوکش کیا ہوا ناریل اور خشخاش ڈال کر مزید بھونیں۔ اب چینی شامل کرکے پکنے دیں۔ جب چینی اچھی طرح مکس ہوجائے، تو چولھے سے اُتارلیں۔ یہ حلوا پنجیری کی طرح بنتا ہے۔

(یسریٰ کنول، ملیر، کراچی)

لوکی کا حلوا

اجزاء:لوکی ایک کلو، دودھ دو لیٹر، چینی حسبِ ضرورت، کھویا آدھ پاؤ، بالائی ایک پاؤ، زعفران پِسی ہوئی ایک چٹکی، سبز الائچی(پیس لیں)چھے عدد، اخروٹ، کھوپرا، کشمش(بھیگی ہوئی)، بادام اور پستے حسبِ ضرورت۔

ترکیب:لوکی چھیل کر کاٹ لیں اور بیج الگ کردیں۔اب اسے کدّوکش کرکے کھوئے اور بالائی میں اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اس کے بعد ایک پتیلی میں دودھ اور لوکی کا آمیزہ ڈال کر دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ جب دودھ خشک ہونے لگے، تو تیل اور الائچی کا سفوف ڈال کر تھوڑا سا بھونیں اور تمام میوہ جات اور زعفران ڈال کر مزید بھون لیں۔ جب حلوا تیل چھوڑنے لگے، تو کیوڑا چھڑک کر چولھے سے اُتارلیں۔ باؤل میں نکال کر آخر میں خشک میوہ جات سے گارنیشنگ کرلیں۔

مکس فروٹ کھیر

اجزاء:مکس فروٹ ایک ٹن،دودھ آدھا لیٹر،چاول پاؤڈر تین کھانے کے چمچ،چینی حسبِ منشا،کھویا ایک پاؤ،کیوڑا دو کھانے کے چمچ اور بادام ،پستےحسبِ ضرورت گارنیشنگ کے لیے۔

ترکیب:پہلے ٹن سے فروٹ نکال کر اچھی طرح سے چوپ کرلیں۔اب ایک پتیلے میں دودھ گرم کریں اورایک اُبال آنے پر چاول کا پاؤڈر بھی شامل کردیں۔دو چار منٹ بعد چینی شامل کرکے پکنے دیں، یہاں تک کہ چینی اچھی طرح مکس ہوجائے۔ اب اس میں چوپ کیا ہوا فروٹ، کھویا اور کیوڑا شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکائیں۔جب تمام اجزاء یک جان ہوجائیں،تو باؤل میں نکال لیں۔آخر میں بادام اور پستے سے گارنیشنگ کرلیں۔

(نورین کنول، لاہور)


تازہ ترین
تازہ ترین