• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشن کی تکمیل سے پيچھے نہیں ہٹوں گا، نواز شریف

مشن کی تکمیل سے پيچھے نہیں ہٹوں گا، نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جو مشن چن لیا ہے اس کی تکمیل سے کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں زرداری عمران گٹھ جوڑ پر نواز شریف پھٹ پڑے، انہوں نے کہا کہ تم جیت کر بھی ہار گئے، ہم ہار کر بھی جیت گئے،کیا یہی ہے نیا پاکستان ؟یاد رکھو! دل میں کھوٹ ہو تو آپ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ۔

اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سےخطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ کل ایک تماشا لگا، جو کچھ ہوا وہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا، بنی گالا والے اور بلاول ہاؤس والے کوئٹہ والے کی بارگاہ میں جھک گئے، یہ جھوٹے منافق لیڈر نہیں چابی والے کھلونے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ہم نے چار سال کی قلیل مدت میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، شاہد خاقان کہتےہیں اتنے منصوبے لگادیئے کہ وہ افتتاح کر کر کے تھک گئے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے دس سال میں جو پنجاب میں کام کیے، ملک کی 70 سالہ تاریخ میں کسی نے نہیں کیے، کہاں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ، اور کہاں آج سکھ سے آپ اپنی زندگی گزاررہے ہیں، اگر کہیں کام اورترقی ہورہی ہے تو اسے صدق دل سے تسلیم کریں۔

نواز شریف نے کہا کہ اگلے دو تین ماہ میں لاہور سے کراچی موٹروے مکمل ہوجائے گی، کراچی لاہور موٹروے کا افتتاح بھی شاہد خاقان عباسی کریں گے،میرے ساتھ جو ہوا ہے اس کےبعد میرا کسی جگہ پر جاکر افتتاح کرنے کو دل نہیں چاہتا، یہ صورتحال ہمارے لیے پیدا کردی گئی۔

تازہ ترین