پشاور( آ ئی این پی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نعیم الحق اپنا ریکارڈ درست کرلیں، جماعت اسلامی نے نہیں بلکہ تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے،جماعت اسلامی پر تنقید کی بجائے پی ٹی آئی اپنے پھسلے ہوئے ایم پی ایز کیخلاف کاروائی کرے،زرداری کو پاکستان کی سب سے بڑی بیماری کہنے والے کس کے اشارے پر زرداری کی جھولی میں بیٹھ گئے، نعیم الحق کو براستہ کوئٹہ زرداری سے اتحاد مبارک ہو،شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر پھینکنے سے پہلے نعیم الحق کو سو بار سوچنا چاہئے،پی ٹی آئی احسان نہ جتائے، 2015ءامیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو سینٹ کیلئے پی ٹی آئی نے آٹھ ووٹ دئیے تھے جبکہ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کو چوبیس ووٹ دئیے،پی ٹی آئی کے بغیر بھی جماعت اسلامی کے پاس بہت سے آپشن کھلے تھے،آٹھ کے مقابلے میں چوبیس ووٹ لینے والے کس منہ سے سینٹ ممبر کے انتخاب کے طعنے دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2015ءمیں جماعت اسلامی کے یقینی چوبیس ووٹوں کو پی ٹی آئی نے اپنی کامیابی کیلئے استعمال کیا۔ نعیم الحق کو بیان دینے سے پہلے معلومات لے لینی چاہئے تھیں، پی ٹی آئی کی مخالفت اور عدم تعاون کے باوجود 2018ءکے سینٹ انتخاب میں کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ جماعت اسلامی سینٹ انتخاب میں کامیابی کیلئے نہ پہلے پی ٹی آئی کی محتاج تھی نہ اب ہے۔