• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
شارجہ(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ میں فخر زمان کے شاندار94رنز کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو17رنز سے شکست دے دی۔ٹورنامنٹ میں چھ مسلسل میچ ہارنے والی لاہور قلندرز نے تیسرا لگاتار میچ جیت لیا۔کوئٹہ پہلے ہی پلے آف کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ لاہور کی ٹیم گذشتہ دو ٹورنامنٹس میں آخری نمبر پر آنے کے بعد پانچویں پوز یشن حاصل کر سکتی ہے۔187رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی بیٹنگ لائن ناکام رہی اور چوتھا میچ ہار گئی۔کوئٹہ نے جواب میںچھ وکٹ پر169رنز بنائے۔ رائیلی روسو نے سب سے زیادہ 42رنز 22گیندوں پر بنائے۔کپتان سرفراز احمد 28رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ بارہویں اوور میں92رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔کوئٹہ کی اننگز میں جیسن رائے36 شین واٹسن12 کیون پیٹرسن گیارہ،رمیز راجا سات،اور انور علی چار رنز بناکر آوٹ ہوئے۔سنیل نارائن اور یاسر شاہ نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔میچ میں انگلش اوپنر ٹم رابنسن ان فٹ ہوکر باہر چلے گئے ان کی جگہ بقیہ میچ میں امپائرنگ شوذب رضا نے کی۔قبل ازیں فخر زمان چھ رنز کی کمی سے پاکستان سپر لیگ کی تیسری اور اس سال کی پہلی سنچری اسکور نہ کرسکے لیکن یہ پاکستان سپر لیگ تھری کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔فخر زمان نے50 گیندوں پر94رنز بناکر لاہور قلندرز کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی۔ان کی اننگز میں چھ چھکے اور9چوکے شامل تھے۔ بدھ کی شب لاہور قلندرز نے کوئٹہ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےچار وکٹ پر186رنز بنائے۔یہ اس ٹورنا منٹ کا دوسرا بڑا سکور ہے۔
تازہ ترین