گلگت/ٹھٹھہ (جنگ نیوز) ٹھٹھہ، حیدرآباد، میانوالی،لیہ سمیت سندھ اورپنجاب کےمختلف شہروں میں بارش اورراجن پورمیں ژالہ باری سےموسم خوشگوار ہوگیا، 24گھنٹوں میں صوبے میں بارشوں سے 3 افراد جاں بحق اور 6افراد زخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی اورمیدانی علاقوں میں ایک بارپھر سے بارش، برف باری اورژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم پانچ مقامات پربند ہوگئی ہے۔ اسکردو میں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ گلگت میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔بہارکےبدلتے رنگوں کےساتھ موسم بھی بدل گیا۔ گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ استور میں لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ۔ غذر ، دیامر اور بلتستان ڈویژن میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکیں، راستے ، بجلی بند اور پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ گلگت میں دو روز سے جاری بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا ہے۔لینڈسلائیڈنگ اوربرفباری تودہ گرنےسےشاہراہ قراقرم گلگت راولپنڈی سیکشن 5 مقامات پرجبکہ گلگت-ہنزہ -نگر سیکشن 3 مقامات پر بند ہے۔ کوہستان، بریسن اور داسو کے مقام پر بھی شاہراہ قراقرم بند ہے۔ خیبرپختونخوا کےمختلف شہروں میں بارش سےسردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں بارشوں سے 3 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔