رابعہ شیخ
انسانی زندگی میں لفظ آئینہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جہاں یہ شخصیت کا عکاس ہے وہیں ضرورت زندگی بھی۔ یہی وجہ ہے کہ مرد ہو یا عورت ،شاعر ہو یا طبیب لفظ آئینے کی اہمیت سے بخوبی واقف ہوتے ہیں اگر گھر کے حوالے سے آئینہ کی بات کی جائے تو گھر آئینہ بنا ادھورا ہے۔
شاید یہی وجہ ہے کہ دور جدید میں گھر چھوٹا ہویا بڑا سجاوٹ کے نت نئے طریقوں میں جس چیز پر سب سے زیادہ توجہ دی جارہی ہے وہ شیشوں یعنی ٹرانسپیرنٹ گلاس کا استعمال ہے ۔مشرقی ممالک میں اگر چہ شیشوں سے گھر کی سجاوٹ کا رجحان نیا ہے تاہم ،مغرب میں یہ انداز برسوں پرانا ہے ۔
دور جدید میںمغربی ممالک کی طرح مشرقی ممالک میں بھی سیمنٹ کے بجائے شیشے کی دیواروں اور دروازوں کا استعمال ، مکان کی چھتوں پر چھوٹے بڑے مختلف سائز کے سجاوٹی ٹرانسپرنٹ شیشوں کے استعمال کا رجحان بڑھنے لگا ہے ۔جو آپ کے گھر کی خوبصورتی کو چار چاند لگاتے ہوئے اس میں کشادگی کا احساس بیدار رکھتا ہے ۔
اس لئے ہم نے سوچا کیوں نہ آج ہم بھی مختلف اسٹائل کے شیشوں پر ہی بات کریں جن کے استعمال سے جہاں گھر کی سجاوٹ کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے وہیں قارئین کی معلومات میں بھی ایک نیااضافہ کیا جاسکتا ہے تو آئیے بات کرتے ہیںآج ان مختلف اسٹائل کے شیشوں کی جن کے ذریعے آپ بھی اپنے گھر کو ایک نیا لک دے سکتے ہیں ۔
شیشوں کے ذریعے گھر کی سجاوٹ کے 8مختلف انداز!
گھر کی سجاوٹ مختلف طریقوں اور چیزوں کے ذریعے کی جاتی ہے جن میں کچھ اشیاء فیشن کے طور پر تو کچھ سجاوٹ کے لئے اورکچھ اشیاء ضرورت کے تحت استعمال کی جاتی ہیں۔یہ حقیقت ہے کہ گھر کی سجاوٹ کے لئے شیشوں کا استعمال نہایت اہم ہے۔مارکیٹس میں شیشوں کے مختلف اسٹائل باآسانی دستیاب ہیں جن سے ڈرائنگ روم ،بیڈ روم ،باتھ روم کو بخوبی سجایا جاسکتا ہے۔
جیومیٹریکل اسٹائل کےآئینے
جب بھی آپ اپنے پسندیدہ کمرے کے لئے شیشے کا انتخاب کریں تواس انتخاب کو فریم میں جڑے گول،مستطیل ،مثلث نما شیشوں تک محدود نہ کریں۔ جیومیٹریکل طرزپر بنے گولڈ سلوررنگوں سے مزین شیشوں کا انتخاب بھی آپ کےکمرے کی خوبصورتی میں چار چاند لگاسکتا ہے ۔
فرشی آئینے
اگر آپ گھر کی سجاوٹ کے دوران جگہ کی کمی جیسی پریشانی سے آزاد ہیں تو بڑے سائز کے فرش پر رکھے جانے والے شیشوں کا انتخاب ایک بہترین انتخاب ہے ۔فرشی آئینے بڑے سائز کے ہونے کے باعث زیادہ جگہ گھیرتے نظر آتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ان آئینوں کا استعمال چھوٹے گھروں کی نسبت بڑے گھروں اور کھلے کمروں میں زیادہ کیا جائے۔ ساتھ ہی ان کی حفاظت بھی
بھی بہت احتیاط کے ساتھ کی جائے فرشی آئینوں کی حفاظت کسی مشکل مرحلے سے کم نہیں کیونکہ فرش پررکھے جانے والے شیشے دیوار پر لگے شیشوں کی نسبت زیادہ توجہ اور حفاظت چاہتے ہیں۔
کمرے کو کشادہ دکھائیں عکسی آئینے
ان شیشوں کا استعمال کمرے کو کشادہ دکھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات یہ شیشے گھر وں کے ساتھ ساتھ آفس میں بھی اسی غرض سے لگائے جاتے ہیں ۔ دیوار پر دیدہ زیب عکسی آئینوں کی تنصیب سامنے والی دیوار کا عکس بڑا اور دیدہ زیب دکھاتے ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ اسے خوبصورت فریموں کی مدد سے فن پاروں کی صور ت میں کمرے کی دیواروں پر سجا کر مزید داد بھی وصول کی جا سکتی ہے ۔
چھوٹی جگہوں کو بڑادکھائیں شیشوں کے ذریعے
چھوٹے گھروں میں شیشوں کا استعمال مثبت تصور کیا جاتا ہے ایسے گھروں میں اگر ایک دیوار پر چھوٹے بڑے شیشے خوبصورت فریم میں جڑواکر کمرے کی ایک دیوار پر نفاست سے سجادیئے تو یہی کمرہ نگار خانے کا خوبصورت تصور پیش کرتے ہیں ۔تاہم اس سجاوٹ کے لئے آپ اس صفحے پر موجود تصاویر کی مدد بھی لے سکتے ہیں۔
باتھ روم کی ایک دیوارپر مغربی طرز
بعض اوقات خواتین باتھ روم کی سجاوٹ سے متعلق بھی خاصی پریشان نظر آتی ہیں ۔تاہم باتھ رو م میں شیشے کا استعمال بھی ضروری ہے اگر آپ چاہتی ہیں تو آپ کا باتھ روم بھی خوبصورتی کے سا تھ ساتھ مغربی طرز کا لگے توا ایک دیوار شیشے کے لئے مختص کردیں یہ عمل نہ صرف آپ کے باتھ روم کو نیا لک دے گا بلکہ اس کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتا نظر آئے گا ۔
عام جگہوں کے بجائے غیر معمولی جگہوں پر کریں
دیوار اور فرشی آئینوں کا استعمال عام طور پر چھوٹے بڑے گھروں میں کیا جاتا ہے لیکن اگر آپ اپنے گھر کو منفرد انداز میں سجانے کی خواہشمند ہیں تو اس کے ضروری ہے کہ شیشوں کا استعمال عام جگہوں کے بجائے غیر معمولی جگہوں پر کریں۔مثال کے طو ر پر اگر دیوار کے ساتھ کمرے کے دروازے کے ساتھ بڑا شیشہ نصب کیا جائے تو آپ کے گھر کے لئے یہ ایک منفرد اور خوبصورت اسٹائل کہلائے گا اور لوگ آپ کے ذوق کو داد دیئے بنا نہ رہ سکیں ۔
سیڑھیوں پر شیشے کا استعمال
جی ہاں ! سیڑھیوں پر شیشوں کا استعمال اگر چہ بے حد خطرناک ہے ۔کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی کی صورت میں بھاری خمیازہ بھگتنا پڑسکتا ہے تاہم اس کے باوجود یہ ایک مغرب میں گھروں کی سجاوٹ کے لئے ایک مخصوص اسٹائل مانا جاتا ہے اسی لئے اگر آُپ احتیاط کرسکتی ہیں تو اپنے گھر کی سیڑھیوں شیشوں کے ذریعے ضرور سجائیں ۔
کلاسیکل اندازاور شیشے
کلاسیکل انداز میں شیشوں کا استعمال بھی گھر کی سجاوٹ کے لئے بہترین تصور کیا جاتا ہے مثلا اگر آپ گہرے رنگ والے کمرے میں بڑے سائز کا گول ،نفیس اور سادہ شیشہ نصب کردیں تو یہ آپ کے کمرے کو جدید اور کلاسیکل انداز میں ڈھال سکتا ہے ۔
گلاس روف اور ٹرانسپرنٹ پلاسٹک کا استعمال ایک نیا رجحان
دور جدید میں مکان کی چھتوں پر چھوٹے بڑے مختلف سائز کے سجاوٹی ٹرانسپرنٹ شیشوں کے استعمال کا رحجان بڑھتا جارہا ہے۔ جسے ’’گلاس روف‘‘ کہا جاتا ہے اگر آپ شیشے کا استعمال نہ کرنا چاہیں تو شیشے کی طرز کا ٹرانسپرنٹ پلاسٹک بھی لیا جاسکتا ہے۔ یہ نسبتاً مضبوط ہوتا ہے اور اس کے خراب ہونے کا خدشہ بھی کم رہتا ہے۔
یہ بازار سے بہ آسانی مل جاتا ہے۔ لیکن اگر چھتوں کی سجاوٹ شیشے سے ہی کرنا چاہتی ہیں تو پھر مضبوطی ارور پائیداری کو ہرگز نظر انداز نہ کریں بلکہ انہیں اہمیت دیں۔