فاروق احمد انصاری
صوفہ سیٹ ہمارے لیے اس لیے بھی مرکز نگاہ ہیں کہ ان پر جب ہمارے مہمان براجمان ہوتے ہیں تو مہمان نوازی کا پہلا مرحلہ تکمیل پا جاتاہے، اور اگر مہمان نہ بھی آئے ہوں تو اس پر صرف بیٹھا ہی نہیں جاتا بلکہ دراز ہو کر اخبار وغیرہ بھی پڑھ لیا جاتاہے ، ٹی وی بھی دیکھ لیا جاتاہے یا پھر رات گئے تک لمبی بات چیت بھی ہو جاتی ہے اسی لیے ایک اچھا صوفہ سیٹ گھر کے فرنیچر کا لازمی حصہ ہوتاہے ۔
لہٰذا جب بھی گھر کے کسی کمرے کیلئے صوفہ منتخب کریں توچند باتیں ضرور ذہن میں رکھیں چونکہ صوفے بہت جلدی جلدی تبدیل نہیں کئے جاتے اس لئے ہمیشہ اچھی کوالٹی کے صوفے خریدیں اور یہ ضرور دیکھ لیں کہ ان کا میٹریل اور رنگ کیسا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ جگہ کی مناسبت سے صوفے کا سائز اور ڈیزائن منتخب کریں ۔
جگہ کا انتخاب
سب سے پہلے یہ طے کرلیں کہ صوفے کو کمرے کے کس گوشے میں سیٹ کرنا ہے ۔ پھر اس جگہ کو ناپ لیں اور یہ خیال رکھیں کہ آس پاس چلنے پھرنے کیلئے مناسبت جگہ باقی رہے ۔
سائز
کمرے کے سائز کی مناسبت سے صوفے کا سائز منتخب کریں اگر کمرہ بڑا ہے تو اس کیلئے قدرے بڑے سائز کا بھاری بھرکم صوفہ خرید سکتے ہیں لیکن یہ اتنا بڑانہ ہو کہ اسے رکھنے کے بعد کمرہ چھوٹا لگنے لگے اور دوسرے فرنیچر کیلئے جگہ کم پڑ جائے لیکن اگر کمرہ چھوٹا ہے تو پھر ہلکا پھلکا ،اسمارٹ طرز کا صوفہ یا کائوچ بہتر انتخاب ہوگا ۔ اس کے علاوہ کمرے میں کشادگی کا تاثر برقرار رکھنے کیلئے اونچی اور پتلی ٹانگوں والا صوفہ خرید نامناسب رہے گا۔
ڈیزائن
صوفوں کا اسٹائلش ہونا تو ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انکا آرام دہ ہونا بہت ضروری ہوتا ہے ، اگر آپ بھی اپنے لیونگ روم کے لیئے ایک شاندار اسٹائل تلاش کر رہے ہیں تواس ڈیزائن پر غور کریں ہم ہمیشہ مستطیل یا مربع شکلوں پر توجہ دیتے ہیں کیونکہ ہمیں لگتا ہے کہ اس طرح کے شکلوں والے صوفے زیادہ جگہ گھیرتے ہیں۔
دبیز صوفے
صوفے ایسے ہوں کہ کوئی بھی ان کو دیکھ کر اندازہ لگا سکے کہ یہ صوفے کتنے آرام دہ ہیں ،ان میںایسے رنگ استعمال کیئے گئے ہیں جو کہ ایک خوبصورت احساس اور آنکھوں کو بھلے لگتے ہیں۔ لیونگ روم میں اس احساس کا ہونا بہت ضرروی ہے کیونکہ ہم دماغی سکون محسوس کرنا چاہتے ہیں۔
پائیدار صوفے
اگر منظم طبیعت کے مالک ہیں تو اس ڈیزائن پر غور کریں کہ وہ آپ کی طبیعت سے میل کھاتا ہو ۔میٹریل کے ساتھ ساتھ اس کا ڈھانچہ بھی بہت مضبوط اور خوبصورت ہو تاکہ پورا خاندان آرام سے اس ڈیزائن کا لطف اٹھا سکے۔
ریٹروصوفے
آجکل ریٹرو فرنیچر کا بہت رواج ہے اسلیئے یہ ڈیزائن اس کو مدِ نظر رکھ کر بنایا گیا ہے اور اس میں مختلف اقسام کے اسٹائل کو اکٹھا کیا گیا ہے جس سے یہ مزید خوبصورت بن گیا ہے۔ یہ صوفہ بے حد شاندار ہے جس کی بنیاد اور ڈھانچہ لکڑی کا بنایا گیا ہے جبکہ اوپر ایک نرم اور ملائم میٹریل استعمال کیا گیا ہے۔
لیدر صوفے
مکمل لکڑی کا فرنیچر بہت خوبصورت لگتا ہے لیکن اب اسکا رواج کم ہو چکا ہے ، اب لوگ نئے مٹیریل کو ٹرائی کرنا چاہتے ہیں اس لیئے ریگزین ، لیدر، ویلوٹ مختلف میٹریل متعارف کروائے گئے ہیں لیکن یہ ڈیزائن جو پیش کیا گیا ہے یہ لیدر کا ہے۔ ڈریئے مت یہ بہت مضبوط ہے کیونکہ اسکا ڈھانچہ خالص لکڑی سے بنایا گیا ہے۔
کائوچ:
کائوچ کی پشت درمیان سے نیچی ہوتی ہے اور ایک کنارے سے اونچی ہوتی ہے دیوان سے مراد ایسا صوفہ ہے جس کے نہ پشت ہوتی ہے اور نہ بازو اور جوبوقت ضرورت پلنگ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے،سیٹی صوفہ صرف لکڑی ہی کا بنا ہوتا ہے ایک مثالی اور اچھے صوفے میں مندرجہ ذیل خصوصیات موجود ہونی چاہئیں خریدنے سے پہلے ضرور دیکھیں کہ:
۱۔ضرورت سے زیادہ وزنی نہ ہو لیکن مضبوط اور آرام دہ ہو۔
۲۔چوڑائی اور لمبائی میں اس قدر ہوکہ تین افراد آسانی سے بیٹھ سکیں۔
۳۔کافی نیچا اور گہرا ہو تاکہ اس میں بیٹھنے والا آسانی سے سستا سکے۔
۴۔بازو آرام دہ ہوں۔