• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی کا چارج دوبارہ سنبھال لیا

اسلام آباد (غربی) کے سول جج کی جانب سے جاری عبوری حکم کی تعمیل میں پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے باضابطہ طور پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا چارج فوری طور پر دوبارہ سنبھال لیا ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ دفتر ی حکم نامے کے مطابق، یہ تقرری 28 جون 2025 کو جاری کردہ عدالت کے عبوری حکم اور 31 جولائی 2025 کو اس میں کی گئی توسیع کی روشنی میں عمل میں آئی ہے۔ یہ مقدمہ ضیاء القیوم بنام ایچ ای سی کے عنوان سے زیر سماعت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم ایک تجربہ کار ماہر تعلیم اور منتظم ہیں، جنہیں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں قیادت کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ان کا چارج سنبھالنا ایچ ای سی کی انتظامی سرگرمیوں میں تسلسل اور سمت کے تعین کا باعث بنے گا۔

چند روز قبل ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ایچ ای سی کا چارج سنبھالنے کی کوشش کی تھی، تاہم ایچ ای سی انتظامیہ نے انہیں دفتر میں داخلے کی اجازت نہیں دی، جس پر انہوں نے توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی تھی۔

یہ دفتر ی حکم نامہ تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں، وزارتوں، سیکریٹریٹ، جامعات اور تعلیمی بورڈز کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید