• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب، سعدرفیق، پختونخوا کے ایک وزیر کیخلاف بھی انکوائری شروع، احد چیمہ کی اہلیہ، ڈی جی اینٹی کرپشن بھی طلب

نیب، سعدرفیق، پختونخوا کے ایک وزیر کیخلاف بھی انکوائری شروع، احد چیمہ کی اہلیہ، ڈی جی اینٹی کرپشن بھی طلب

اسلام آباد/ لاہور(نمائندہ جنگ/نیوز ایجنسیاں) نیب نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،خیبر پختونخوا کےوزیر قانون امتیاز قریشی، دو ارکان خیبر پختونخوا اسمبلی ضیا اللہ بنگش اور امجد آفریدی ،پیپلز پارٹی کےایم این اے نواب وسان کے خلاف بدعنوانی کی شکایات پر انکوائری شروع کر دی ہے جبکہ احد چیمہ کی اہلیہ اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نیب پر کبھی اعتماد نہ تھا، یہ ادادہ مشرف نے مخالفین پر دبا ڈالنے کے لئے بنایا، مجھ سے ریلوے کی حالت بدل ڈالنے کا کریڈٹ بھی چھیننا چاہتے ہیں، چھپ کر حملے کرتے ہو ، یہ کہاں کا قانون اور حب الوطنی ہے؟ تحقیق اور جانچ پڑتال ضرور کریں، تذلیل نہ کریں۔نیب اعلامیے کے مطابق نیب ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فریضہ سمجھتا ہے ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ جہاں پوری قوم کی آواز ہے۔ اجلاس کے فیصلوں کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، ریلوے سکھر ڈویژن کے افسروں اور دیگر کے خلاف ٹنڈوآدم سے روہڑ ی سندھ میں ماڈرن کمپیوٹر بیسڈ انٹر لاکنگ سسٹم کی تنصیب میں مبینہ بد عنوانی، جنریٹر اور دیگر آلات کی پروکیورمنٹ میں خورد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیاہے،جبکہ خیرپورسے ممبر قومی اسمبلی نواب وسان اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائداثاثے بنانے کے مبینہ الزام میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیاہے۔ اجلاس میں وزیر قانون خیبر پختونخواہ امتیاز شاہد قریشی ، ارکان صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ بنگش اور امجد آفریدی ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کوہاٹ کے افسروں کے خلاف 111 افراد کی غیر قانونی تقرری اور رشوت لینے کے علاوہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا۔اے این این کے مطابق آشیانہ اقبال کرپشن اسکیم میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی اہلیہ بھی نیب کے شکنجے میں آگئیں۔نیب نے صائمہ چیمہ کے خلاف بھی انکوائری شروع کردی ہے ،صائمہ چیمہ کو بھی اثاثوں کی چھان بین کیلئے طلب کرلیا گیا۔

تازہ ترین