پاکستان سپر لیگ 3 کے 29ویں میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹ کے مارجن سے شکست دے دی ، میچ کی خاص بات کامران اکمل کی زبردست سنچری رہی،جبکہ مین آف دی میچ بھی کامران اکمل ہی قرار پائے گئے ۔
قلندرز کے 173رنز کے ہدف کے جواب میں زلمی اوپنرکامران اکمل نےٹیم کو مثبت آغاز فراہم کیا ، انہوں نے 61گیندوں پر 7 چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست رہتے ہوئے 107رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور ٹیم کو پلے آفز میں پہنچانے زبردست کردار ادا کیا ۔
زلمی کی قلندرز کے خلاف ٹوٹل 3 وکٹیں گریں ،جن میں رکی ویسلز4، ڈویئن اسمتھ 14اور محمد حفیظ 27رنز کے ساتھ شامل ہیں ، جبکہ قلندرز بولرز کی جانب سے یاسر شاہ نے 2اور کائل ایبٹ نے ایک وکٹ حاصل کی تھی
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو میچ میں جیت کے لیے 173رنز کا ہدف دیا تھا، لاہور قلندرز نے مقررہ 20اوورز میں 4 وکٹوں پر 172رنز کا ہدف ترتیب دیا تھااور ٹیم کی جانب سے اینٹون ڈیوسچ 70رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ اسکورر رہے تھے۔
ایٹون ڈیوسچ نے70رنز 42گیندوں پر 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے اسکور کیے، انہیں حسن علی آئوٹ کیا جبکہ ان کیچ محمد حفیظ نے پکڑا،وہ آئوٹ ہونے والے قلندرز کے چوتھے بیٹسمین تھے تاہم اس وقت ٹیم کا اسکور 119رنز تھا۔
قلندرز کی جانب سےدیگر نمایاں اسکورنگ کرنے والے بیٹسمین میں آغا سلمان جو 28رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے جبکہ ان کا کیچ لیام ڈوسن نے تھاماتاہم وکٹ کیپر گلریز صدف 26 اور سہیل اختر 30رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور قلندرز کو ایک اچھا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
قلندرز کے دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کے آخری اوورز میں اسکور میں ےتیزی سے اضافہ کیا اور گرائونڈ کے چاروں اطراف خوبصورت اسٹروکس کھیلے۔
اس سے قبل قلندرز کے آئوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین فخر زمان تھے، جو6کے اسکور پر حسن علی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئےتھے ،جس کے بعد میں کپتان برینڈن مکولم بھی آتے ہی 7رن بنا کر سمین گل کا شکار بن گئے تھے۔
دوسری جانب پشاور زلمی جن کے لیے آج کا میچ ڈو اور ڈائی تھا ، اب وہ میچ اچھے رن ریٹ سے جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔
ادھر ملتان سلطانز ایونٹ سےتقریبا آئوٹ ہوگئے ہیں ان کی قسمت کا فیصلہ اب سے کچھ دیر بعد کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں ہوجائے گا۔
میچ اگر کراچی جیتا تو وہ11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچے گا ،جبکہ کراچی کی ہار کی صورت میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین نیٹ رن ریٹ پر فیصلہ کیا جائے گا۔