عرفان صدیقی،نمائندہ جنگ (ٹوکیو ،جاپان)
ملک نور اعوان مسلم لیگ (ن )جاپان، کے صدر ہیں اور گزشتہ دو دہائیوں سے جاپان میں مقیم ہیں، یہاں غم روزگار کے علاوہ سماجی خدمات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔وہ(ن) لیگ کے لیے گراں قدر خدمات کے صلے میں میاں نواز شریف کی قربت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ جاپان میں (ن) لیگ انٹرنیشنل افیئر ز کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں ۔
ملک نور اعوان جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں تو کافی عرصے سے معروف ہیں، تاہم انھیں عالمی شہرت گزشتہ سال پارلیمنٹ کے باہر معروف سیاسی شخصیت اور عوامی مسلم لیگ کے صدرشیخ ر شید سے اپنی بائیس لاکھ روپے کی رقم کی وصولی کے لیے دست وگریباں ہونے سے ملی ،اس انتہائی اقدام اور اس کے نتیجے میں ہونے و الی گرفتاری اور خطرناک مقدمات کے قائم ہونے سے اب تک کے واقعات اور ان کے خیالات جاننے کے لیے جنگ نے متعدد مرتبہ ملک نور سے رابطے کی کوشش کی لیکن ایک سال سے پاکستان میں ہونے کے سبب تفصیلی بات چیت نہ ہوسکی، تاہم گزشتہ دنوں ملک نور اعوان ایک سال کا عرصہ گزارنے کے بعد جاپان پہنچے تو ہم نے پاکستان میں ہونے والے واقعات کے حوالے سے ملک نور اعوان سے بات چیت کی ، شیخ رشید سے دست گریبا ں ہونے کے حوالے سے پیش آنے والے واقعات پر ملک نور اعوان نے کہا کہ شیخ رشید سے رقم کی ادائیگی کا تنازعہ بہت پرانا تھا۔
اس سے پہلے ایک سال قبل بھی شیخ رشید سے اسلام آ باد ائرپورٹ پر تلخ کلامی ہوچکی تھی، جس پر ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی تھی۔ ملک نور اعوان کے مطابق شیخ رشید پر واجب الادا بائیس لاکھ روپے معاف کرنے میں بھی کوئی دشواری نہ تھی لیکن میرا غصہ شیخ رشید احمد پر اس بات پر زیادہ تھا کہ وہ میرے قائد نواز شریف کے خلاف انتہائی سخت زبان استعمال کرتے ہیں ،وہ نواز شریف جس کی وجہ سے شیخ رشید احمد سیاست میں آئے ، پانچ بار قومی اسمبلی کے ممبر بنے ، پانچ مرتبہ وزیر بنے ، ان کے خلاف غلط زبان اور احسان فراموشی نے میرے اندرشیخ رشید کے خلاف غصہ بھر دیا تھا،لہذا میں ان سے اپنے بائیس لاکھ روپے مانگ بیٹھا ،جس کے بعد میرے ہی خلاف ہماری جماعت کے وزیر داخلہ نے میرے خلاف سخت پرچہ کٹایا اور رات بھر جیل میں رکھا اور آج تک وہ مقدمہ بھگت رہا ہوں ۔ کیا واقعی شیخ رشید نے آپ سے کوئی گاڑی ادھار میں خریدید تھی یا آپ نے وہ گاڑی انھیں تحفے میں دی تھی ؟
اس سوال کے جواب میں ملک نور اعوان نے کہا کہ ہم نے شیخ رشید احمد کو بہت سارے تحائف دیے تھے ،گاڑی کے علاوہ ، کیونکہ گاڑی کافی مہنگی تھی لہذا شیخ رشید احمد نے خود ہی وہ گاڑی ہم سے ادھار لی تھی ،یہ کہہ کرکہ پاکستان پہنچ کر آپ کو گاڑی کی رقم روانہ کردوں گا، جس کے بعد وہ گاڑی ہم نے شیخ رشید احمد کے دیئے گئے ایڈریس پر دبئی روانہ کردی ، جہاں سے وہ گاڑی پاکستان جانی تھی ،اس کے بعد سے نہ گاڑی کا پتا چلا اور نہ ہی شیخ رشید کا ۔
پھرجرنل مشرف کی آمریت کا دور آیا اور اپنے پرائے ہوگئے اور بہت سارے اپنے لوٹے ہوگئے ،جن میں شیخ رشید احمد بھی شامل تھے ، ہمیں اس پر بھی کوئی اعتراض نہ تھا لیکن جب شیخ رشید احمد نے نواز شریف کے خلاف سخت اور غلط زبا ن استعمال کرنا شروع کی تو میاں نواز شریف کے چاہنے ولوں کا غصہ دیدنی ہونا قدرتی عمل تھا، لہذا ہم نے شیخ رشید سے صرف اپنا ادھار ہی طلب کیا نہ کہ دوسرے تحائف جو ہم نے شیخ رشید کو دیئے تھے ۔
مسلم لیگ (ن )کے مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ملک نور اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کا مستقبل تابناک ہے اور جب تک میاں نواز شریف سیاست میں سرگرم ہیں (ن) لیگ کا مستقبل تابناک ہی رہے گا ۔اس وقت میاں نواز شریف کے ساتھ انصاف کی گلیوں سے جو ناانصافی ہورہی ہے وہ بھی بہت تکلیف دہ ہے۔ پاکستان کی عوام میں بے چینی پیدا ہورہی ہے لیکن عدلیہ کے تقدس کے لیے سب صبر کیے بیٹھے ہیں ۔
امید ہے کہ میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والی ناانصافیاں جلد ختم ہوں گی ۔ملک نور اعوا ن نے کہا کہ اس وقت ہمیں مریم نواز کی شکل میں اللہ تعالیٰ نے ایک بہترین لیڈر عطا کیا ہے جنھوں نے اپنی تقاریر اور سیاسی بصیرت کے ذریعے پاکستان کی نوجوان نسل کو متحرک کیا ہے ، مریم نواز وہ لیڈر ہیں جنھوں نے پاکستان کے پسے ہوئے طبقے سے لے کرمڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس کے سے تعلق رکھنے والی نوجوان نسل کو سیاسی شعور دیا ہے اور آج( ن) لیگ میں بہت بڑی تعداد میں نوجوان شامل ہوئے ہیں جو اس بات کی ضمانت ہے کہ مستقبل میں بھی (ن) لیگ ہی کامیابی حاصل کرے گی۔جاپان میں (ن) لیگ کی کارکردگی کے حوالے سے ملک نور اعوا ن نے کہا کہ جاپان میں اکثریت میاں نواز شریف کے چاہنے والوں کی ہے خاص طور پر میری غیر موجودگی میں( ن) لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے جس طرح پارٹی کو چلایا، قابل تعریف ہے۔
ملک یونس نے نہ صرف جاپان بلکہ پاکستان میں بھی (ن) لیگ جاپان کی جانب سے غریب بچیوں کی شادی اور جہیز کے لیے جس طرح تقریبات کی ہیں ،وہ قابل تحسین ہیں۔ ہمارے ایسے ہی مخلص کارکنوں کی وجہ سے (ن) لیگ اوورسیز سماجی طور پر سرگرم ہے اوربہترین اور دنیا کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے ۔
اس موقعے پر (ن) لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے ملک نور اعوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک نور اعوان ہمارا فخر ہیں انھوں نے میاں نواز شریف کی محبت میں بیش بہا خدمات انجام دی ہیں۔ پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے چندہ جمع کرنا ہو ،یا جاپان میں ناموس رسالت ﷺکے لیے مظاہرہ کرنا ہو یا کشمیریوں کے لیے بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہر ہ کرنا ہو غرض عوامی فلاح و بہبو د کے ہر کام میں( ن) لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے بہترین خدمات انجام دی ہیں، جس کے لیے ملک نور اعوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔