کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے متوقع کوچ خواجہ جنید نے کہا ہے کہ ان سے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کوچنگ کے لئے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے ان کی پی ایچ ایف کے کسی اعلی عہدے دار کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مجھ سے رابطہ کیا گیا تو میں حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ کروں گا، پچھلے تین سال سے قومی ٹیم کی کوچنگ سے ہٹائے جانے کے بعد پچھلی فیڈریشن نے بھی مجھے اس بات کی پیش کش کی تھی کہ میں کوچنگ کی ذمے داری سنبھال لوں مگر جب تک مجھے کوچنگ کے لئے ماحول سازگار اور اختیارات نہیں ملیں گے تو میں کس طرح اس قسم کی پیش کو قبول کرلوں،انہوں نے کہا کہ ملک نے مجھے جو عزت دی ہے وہ میرے اوپر قرض ہے ، قومی ٹیم کی کوچنگ اعزاز کی بات ہے مگر جب تک کوچ کو مکمل اختیارات نہیں ملیں گے تو کوئی بھی کوچ اچھے نتائج نہیں دے سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ باتیں درست نہیں ہے کہ کراچی کے مقامی ہوٹل اور ہاکی کلب میں میری پی ایچ ایف کے کسی عہدے دار سے ملاقات ہوئی اور اس میں مجھ کو قومی ٹیم کی کوچنگ کے لئے پیش کش کی گئی۔