• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داعش کے ہاتھوں عراق ميں مغوی بھارتی شہريوں کی ہلاکت کی تصديق

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے مبينہ طور پر عراق میں 2014ء میں اغواء کيے جانے والے 39 بھارتی شہری ہلاک کر دیے گئے ہیں اور ان کی لاشیں بھی مل گئی ہیں۔بھارتی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے ملکی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ ان افراد کی لاشیں ایک اجتماعی قبر سے ملی ہیں اور ڈی این ٹیسٹ بھی یہ ثابت کرتے ہیں کہ یہ وہی بھارتی شہری ہیں، جو عراق کے شہر موصل سے لاپتہ ہو گئے تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا،’’ میں ثبوت کے بنیاد پر کہتی ہوں کہ 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔‘‘ نئی دہلی حکومت کا کافی عرصے سے يہ موقف رہا ہے کہ جب تک اس کے پاس ثبوت نہیں ہوں گے، تب تک ان افراد کو مردہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔سوراج نے پارلیمان کو بتایا کہ بغداد کی انتظامیہ نے زمین میں زیادہ گہرائی تک جانے والے رڈار کے ذریعے اجتماعی قبر کی نشاندہی کی تھی، جہاں سے ان بھارتی شہریوں کی لاشیں ملی ہیں۔ پارلیمان میں حزب اختلاف کے ارکان اور ہلاک شدگان کے اہل خانہ نے کہا کہ کافی عرصے تک حکومت نے انہیں اندھیرے میں رکھا۔ کانگريس پارٹی کے رکن ششی تہور نے ایک ٹوئٹ میں لکھا،’’ حکومت نے عوام کو کیوں جھوٹی تسلیاں دیں کہ ساڑھے تین سال بعد بھی یہ لوگ زندہ تھے؟۔‘‘
تازہ ترین