شانزا خان، ملتان
کیا آپ نے کبھی یہ جاننے کی کوشش کی کہ آخر آنکھوں کے گرد یہ سیاہ حلقے کیوں بنتے ہیں؟تو اس کی بنیادی وجوہ میں نیند کی کمی، تھکاوٹ اور غیر متوازن غذا کا استعمال شامل ہے، جب کہ ذہنی تناؤ، ہارمونز میں عدم توازن، کم مقدار میں پانی پینے اور سورج کی روشنی میں زیادہ وقت گزارنے کے سبب بھی یہ حلقےبن جاتے ہیں۔اگر آپ بھی اس مسئلے سے دوچار ہیں،توذیل میں درج ٹوٹکوں میںسے کسی ایک پر باقاعدگی سے عمل کریں،تاکہ بہتر اور دیرپا نتائج حاصل ہوسکیں۔
٭ ایک اسٹیل کا چمچ فریج میں کم از کم تین سے چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔بعدازاں باہر نکال کر دو چارمنٹ کے لیے باری باری اپنی آنکھوں پر رکھیں۔یہ عمل روزانہ تین بار دہرائیں، چند ہی دنوں میں واضح فرق محسوس ہوگا۔
٭ ہر روز تین سے پانچ بار ٹھنڈے پانی سے چہرہ اور آنکھیں دھونا بھی فائدہ مند ہے۔
٭ روز انہ کم از کم آٹھ گلاس پانی پینا معمول بنالیں۔ یہ عادت نہ صرف آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے مفید ہے، بلکہ جِلد کے نکھار کےلیےبھی بہترین فارمولا ہے۔ساتھ ہی جُھریاں دور کرنے کے لیےبہترین ٹانک بھی۔
٭ رات سونے سے قبل بادام کے تیل سے آنکھوں کے نیچے ہلکا ہلکا مساج کریں اور سو جائیں۔
٭ کھیرے کے گول قتلے کاٹ لیں اور روزانہ کم از کم 10 منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھیں۔ کھیرے کے قتلوںسے آنکھوں کو ٹھنڈک ملے گی اور اس سے نکلنے والا رس آنکھوں کی جِلد کو سکون فراہم کرے گا۔
٭ آلو چھیل کر اچھی طرح کچل لیں۔پھر کسی صاف ململ کے کپڑے میں کچلے ہوئے آلوؤں کو پوٹلی کی صُورت باندھ لیں اور ہاتھوں کی مدد سے دباتے ہوئے رس نکال لیں۔ اب اس میں روئی بھگو کر15سے20 منٹ تک آنکھوں پر رکھیں اور اس بات کو یقینی بنالیں کہ تمام سیاہ حصّہ روئی سے ڈھکا ہوا ہے۔ بعد میں ٹھنڈے پانی سےچہرہ دھولیں۔
٭ دِن میں دو بارعرقِ گلاب میںروئی بھگوکر 10سے 15 منٹ کےلیے آنکھوں پررکھیں۔
٭ کسی پیالی میںایک چمچ ٹماٹرکا رس اور اتنی ہی مقدار میں لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔اب اس محلول کوروئی کی مدد سے سیاہ حلقوں پر لگائیں اور تقریباً دسمنٹ تک لگا رہنے دیں۔پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
٭ روزانہ سات سے آٹھ گھنٹے سوئیں۔
٭ روزمرّہ غذا میں آئرن، وٹامن اے، سی، ای اور کے مناسب مقدار میں استعمال کریں۔