• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکورٹی کے مسائل پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

سیکورٹی کے مسائل پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد غلام قادر جونیجو نے کہا ہے کہ قدم گاہ مولا علی اور حضرت سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی کے مزار شریف کی سیکورٹی کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے قدم گاہ مولا علی اور حضرت سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی کے مزار شریف کی سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایس پی حیدرآباد، میونسپل کمشنر ایچ ایم سی، اسسٹنٹ کمشنر، سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی اورمحکمہ اوقاف کے نمائندوں کے علاوہ چیئرمین درگاہ شریف، امامیہ مرکزی ٹرسٹ کے صدر، آٹوپارٹس مارکیٹ کے صدر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے مزید کہا کہ سیکورٹی کے مسائل پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان مقدس مقامات کی سیکورٹی کو ہر صورت میں موثر بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزاراور قدم گاہ شریف کے اطراف قائم تجاوزات کو ہٹایا جائے گا، جبکہ ان مقدس مقامات پرپارکنگ کے مسائل جو سیکورٹی خدشات میں شامل ہیں کوحل کرنے کے لیے تمام ترکوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قدم گاہ مولا علی اور حضرت سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی کے مزار شریف کی سیکورٹی میں حائل نئی و پرانی تعمیرات کو بھی سیکورٹی آڈٹ کے تحت میپنگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ان مقامات پرپانی کی نکاسی کے لیے بھی نئی اسکیم منظور کرالی گئی ہے اور اس پر جلد عملدرآمدکیاجائے گا جبکہ قدم گاہ اور مزار کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ڈبل لائین کرادی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات پرموجود اسپیئر پارٹس مارکیٹ کو بھی ایک منظم لائحہ عمل کے تحت مستقبل میں کہیں اور منتقل کیا جانا ہے۔

تازہ ترین