پشاور (خبر نگار خصوصی ) وومن یونیورسٹی صوابی اور یونیورسٹی آف ایکسس ،برطانیہ کے مابین ایک اہم معاہد ہ طے پاگیا ،جس کے تحت وومن یونیورسٹی صوابی عالمی سطح پر تعلیم و تحقیق کے شعبے میں اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرے گی۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی آف ایکسس میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈین آف پارٹنر شپس پروفیسر ڈومینک مائیکل رائٹ اور وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خانزادی فاطمہ خٹک نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔بعد ازاں، وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے سکول آف کمپیوٹر سائنس اینڈ الیکٹرانکس انجینئرنگ (ایس سی ایس ای ای) کا دورہ بھی کیا، جہاں ادارے کے سربراہ پروفیسر انتھونی نے ان سے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔پروفیسر ڈاکٹر خانزادی فاطمہ خٹک نے اس موقع پر کہا کہ اس معاہدے سے دونوں جامعات کے فیکلٹی ارکان اور ریسر چ سکالرز کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفیدہونے کا بھر پور موقع ملے گا۔