• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوڈیشل مارشل لاءکا مشورہ عدلیہ کے وقارپرحملہ ہے،سعدرفیق

جوڈیشل مارشل لاءکا مشورہ عدلیہ کے وقارپرحملہ ہے،سعدرفیق

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے اگر شیخ رشید عدالت سے نااہل ہوئے تو دکھ ہوگا‘جوڈیشل مارشل لاء کا مشورہ آئین، جمہوریت اور عدلیہ کے وقار پر حملہ ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر نے کہا ہے کہ شیخ رشید سیاست میں ون مین شو ہے، انہیں نکالیں یا نہ نکالیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔بدھ کو سماجی رابطہ کی سائٹ پرخواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ہر دور میں احتساب کے نام پر بلیک میلنگ اور انتقام ہماری بدقسمتی ہے،سیاستدانوں کو عوامی عدالت سے اہل یا نااہل ہو نا چاہئے،جہانگیر ترین کی نااہلی پر بھی دکھ ہوا تھا‘یوسف گیلانی کی نااہلی پر بھی میرا موقف یہی تھا‘پاکستان برطانیہ یا امریکا نہیں وہاں کے حوالے یہاں دینا حماقت ہے‘ہم چار مارشل لاء اور سول مارشل لاء بھی بھگت چکے ہیں ، پاکستان ادارہ جاتی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا،ایک دوسرے کو پچھاڑنے کے چکر میں انتشار ،افراتفری اور فساد کوہوا دی جا رہی ہے،گروہی مفادات کے تحفظ کی جنگ ملک کو دلدل میں دھنسا سکتی ہے،مسلم لیگ ن کوہدف بنانے کا کھیل سب دیکھ اور سمجھ رہے ہیں۔دریں اثناءبدھ کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر)صفدرنے کہا کہ شیخ رشید سیاست میں ون مین شو ہے، انہیں نکالیں یا نہ نکالیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔22کروڑعوام دیکھ رہے ہیں کہ کیا فیصلے ہوئے ہیں، ایف آئی آر ہوئی نہیں اور وزیر اعظم کو نااہل قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اقامہ والا تو کیس ہی نہیں چل رہا‘جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ایس ایل کا فائنل کراچی دیکھنے جائیں گے تو کیپٹن (ر)محمد صفدر نے کہا کہ ابھی تو یہاں جو فائنل ہو رہا ہے وہ دیکھ رہے ہیں اور اس میں باقاعدہ کھیل بھی رہے ہیں ۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ بیٹنگ کر رہے ہیں یا بولنگ تو کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ ابھی تو گراونڈ سے باہر بیٹھا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلی دفعہ اسلام آباد میں پریڈ کرائی، یہ پاکستان کی برکتیں ہیں۔

تازہ ترین