• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو اسکی تاریخی پس منظرمیں دیکھاجائے،حریت رہنما

کراچی(جاوید رشید) مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی ، میرواعظ ڈاکٹرمولوی محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے دیئے گئے احتجاجی پروگرام کی پیروی میں مرکزی جامع مسجد سرینگر کے باہر نماز ظہر کے فوراً بعد مزاحمتی رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد میں محمد یاسین ملک کی قیادت میں ایک پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پرسید علی گیلانی،، میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے احتجاجی مظاہرین سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اس کے تاریخی اور بین الاقوامی پس منظر میںدیکھنے کے بجائے سوشل میڈیا پر دستیاب مواد کو بنیاد بناکر حریت کے نظر بند قائدین پر علیحدگی پسندی اور ملک دشمنی کے الزامات عائد کرکے فرد جرم تیار کی گئی ہے۔حریت قائدین نےجیلوں میں نظر بند قیدیوں کے تئیں ریاستی حکمرانوں کی جانب سے اختیار کی جارہی پالیسیوںکو حد درجہ انتقام گیرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کا طرز عمل خود ان کے عدلیہ کے فیصلوں کے منافی ہے ۔ قائدین نے سینٹرل جیل سرینگر میں مقیدکشمیری سیاسی نظر بندوں جن میں ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی ، غلام قادر بٹ، فیروز احمد،پرویز احمد اور دوسرے متعدد قیدی شامل ہیں کو بھارت کی مختلف ریاستوں کی جیلوں میں منتقل کرنے کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکمرانوں کے اس اقدام کو بدترین سیاسی انتقام گیری قرار دیا اور اسکی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔انہوں نےتہاڑ جیل دلی میں زیر حراست رکھے گئے کشمیری حریت پسندرہنمائوں جن میں شبیر احمد شاہ ، الطاف احمد فنتوش، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار، نعیم احمد خان،سرکردہ تاجر ظہور احمد وٹالی اور دیگر شامل ہیں کو جیل یں ضروری طبی اور دیگر سہولیات سے محروم رکھنے اور انہیں پیشہ ور مجرموں کے ساتھ مقید رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح ان قیدیوں کی زندگیوں کو جان بوجھ کر خطرات کی نذر کیا جارہا ہے ۔قائدین نے کہا کہ ہمارا آج کا یہ احتجاج ان قیدیوں جنہیں سیاسی انتقام گیری کے تحت تہاڑ جیل میں جرم بے گناہی کی پاداش میں پابند سلاسل بنا دیا گیا ہے کے ساتھ اظہار یکجہتی کے حوالے سے بلایا گیا ہے تاکہ اس کو انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی نوٹس میں لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تہاڑ جیل اور دوسرے جیلوں میں مقید اپنے ان سیاسی قائدین اور کارکنوں کے جذبے اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس احتجاج کے ذریعہ بھارت تک یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ ایسے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے ہم مرعوب نہیں ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی NIA کی طرف سے تہاڑ جیل میں نظر بند قائدین کیخلاف چارج شیٹ میں لگائے گئے الزامات کا تعلق ہے یہ صرف سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان بنیادوں پر سیاسی قیادت کو جیل میں بند رکھنا سراسر سیاسی انتقام گیرانہ کارروائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اس کے تاریخی اور بین الاقوامی پس منظر میںدیکھنے کے بجائے سوشل میڈیا پر دستیاب مواد کو بنیاد بناکر حریت کے نظر بند قائدین پر علیحدگی پسندی اور ملک دشمنی کے الزامات عائد کرکے فرد جرم تیار کی گئی ہے۔ اس مقدمے میں300 گواہان کی فہرست تیار کی گئی ہے جس کا مقصد ان قائدین کی اسیری میں طوالت پیدا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان قیدیوں کی گرفتاری سے قبل پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر تقریباً تین ماہ تک ان قائدین کی کردار کشی کی ایک منظم مہم چلائی گئی جس میں مقدمہ شروع ہونے سے پہلے ہی ان کو مجرم قرار دیکر ان کے خلاف توہین آمیز باتیں کرکے ان کی کردار کشی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میںجاری جائز جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے نہ صرف غیر اخلاقی، غیر جمہوری، غیر آئینی اور غیر انسانی طریقہ کار اپنا گیا بلکہ اقوام عالم کے ان رہنمایانہ خطوط کی بھی خلاف ورزی کی گئی جو انہوںنے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مقرر کئے ہیں اور جن کو خود بھارت نے بھی تسلیم کیا ہے ۔انہوں نے کشمیری سیاسی قیدیوں کو باہر کی جیلوں میں منتقل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں ایمنسی انٹرنیشنل، ایشیا واج اور آئی سی آر سی سے اپیل کی کہ وہ ان قیدیوں کی حالت زار کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کو واپس ریاست منتقل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔علاوہ ازیں ینگ مینز لیگ کا وفد چیرمین امتیاز احمد ریشی اور ان کے ہمراہ شکیل الرحمان اورغلام محمد میر دہلی روانہ جہاں پر وہ پاک ڈے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ جموں کشمیر ینگ مینز لیگ کے چیرمین امتیاز احمد ریشی نے پاکستان ڈے یوم پاکستان پر حکومتی پاکستان اور عوام کومبارکباد پیش کیا ہیں انہوں نے پاکستان ڈے پر مبارک باد دی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سیاسی ،معاشی اور دفاعی مظبوطی کیلئے پاکستان کے غیورعوام کی کاوشوں اور حوصلوں کوسراہا گیا ہے۔
تازہ ترین