جاپان کے شہر اچیکاوا کے چڑیا گھر میں مشہور ننھے بندر ’پَنچ‘ کے احاطے میں داخل ہونے پر 2 امریکی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 24 سالہ ریڈ جاہنائی ڈیسن باڑ پھلانگ کر بندروں کے احاطے میں داخل ہوا جبکہ 27 سالہ نیل جاباہری ڈوان اس واقعے کی ویڈیو بناتا رہا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نیلے سوٹ اور مسکراتے ایموجی نما ماسک میں ملبوس تھا، اس کے ہاتھ میں ایک کھلونا بھی موجود تھا تاہم دونوں افراد کو دیگر بندروں یا ننھے ’پَنچ‘ کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑ لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر انتظامیہ نے واقعے کے بعد پولیس میں رپورٹ درج کروا دی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ ایسے واقعات روکنے کے لیے سیکیورٹی سخت کی جا رہی ہے۔
دونوں امریکیوں پر کاروباری امور میں رکاوٹ ڈالنے کا مقدمہ قائم کیا گیا ہے تاہم اُنہوں نے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔
ننھا بندر ’پَنچ‘ اس وقت دنیا بھر میں مشہور ہوا تھا جب اس کی تصاویر اور ویڈیوز ایک بڑے سے کھلونے (بندر) کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
ماں کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد چڑیا گھر کے عملے نے پنچ کو یہ کھلونا دیا تھا۔
پنچ کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ہزاروں سیاح پنچ کو دیکھنے جاپان پہنچنے تھے۔