• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین کا انٹرویو کروں گا،نجم سیٹھی کی جیو کے آپس کی بات میں گفتگو

کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو کے ’آپس کی بات‘ میں گفتگو سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ پی سی بی کا نہیں پاکستان کا پراجیکٹ ہے، پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں، پی ایس ایل کو تمام پاکستانیوں کی سپورٹ کی ضرورت ہے، حکومت نے پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کو درست طریقے سے ہینڈل نہیں کیا ، آج کے واقعات سے پی آئی اے نجکاری پروگرام کو نقصان ہوگا، عمران خان کی احتجاجی مہم کامیاب نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی عمران خان کی احتجاجی مہم کا بھرپور ساتھ نہیں دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نجم سیٹھی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے ایم کیو ایم کو سپریم کورٹ میں ریلیف مل جائے گا، میں الطاف حسین کا انٹرویو کروں گا، میں سوچ رہا ہے کہ عدالتی حکم کو گراؤنڈ پر چیلنج کیا جائے۔ پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے نجم سیٹھی نے کہا کہ چار فروری کو کوئٹہ اور اسلام آباد کے میچ سے پاکستان سپر لیگ کا باقاعدہ آغاز ہورہا ہے، پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شیخ مبارک، پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان اور آئی سی سی کے کافی لوگ شرکت کریں گے، پاکستان سپر لیگ پی سی بی کا نہیں پاکستان کا پراجیکٹ ہے، ہم پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں، پی ایس ایل میں بڈھے طوطے نہیں موجودہ اسٹار کھلاڑی آرہے ہیں، انڈیا کے بعد پاکستان سپرلیگ کو سب سے بڑی لیگ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کارکردگی پر بھی بہت اچھا پڑے گا، پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر کا کرکٹ میں آنا بہت بڑا قدم ہے، اس سے پہلے پی سی بی تمام پیسہ انٹرنیشنل ٹورز سے کما کر ڈومیسٹک کرکٹ پر لگادیتا تھا، پی ایس ایل کو تمام پاکستانیوں کی سپورٹ کی ضرورت ہے، ہماری چھوٹی موٹی خامیوں کو نظر انداز کر کے سپورٹ کی جائے۔ پی آئی اے ملازمین کے احتجاج پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کے احتجاج میں آج جو ہوا اس سے پی آئی اے کے نجکاری پروگرام کو نقصان پہنچے گا، حکومت نے پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کو درست طریقے سے ہینڈل نہیں کیا ، پی آئی اے ملازمین کو حکومت کی طرف سے احتجاج پر پابندی کے قانون کو قبول کرنا چاہئے تھا، حکومت کو ہڑتال کا پتا تھا اس لئے اسے پیشگی اقدامات کرنا چاہئے تھے، حکومت کو احتجاجی رہنماؤں کو رات میں ہی گرفتار کرلینا چاہئے تھا، سندھ پولیس پر اعتماد نہ ہونے کی وجہ سے وفاقی حکومت نے احتجاج روکنے کیلئے رینجرز کو بلایا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ ملازمین کی نوکریوں کا تحفظ بھی کرنا ہوگا، حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر پی آئی اے کی نجکاری کی طرف جانا چاہئے تھا، ن لیگ اپوزیشن میں ہوتی ہے تو وہ بھی ایسی ہی سیاست کرتی ہے جو آج اپوزیشن کررہی ہے۔عمران خان کی احتجاجی مہم پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ عمران خان کی احتجاجی مہم کامیاب نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی عمران خان کی احتجاجی مہم کا بھرپور ساتھ نہیں دے گی، حکومت اورنج ٹرین منصوبہ بنا کر سیاسی فائدہ بھی حاصل کرنا چاہتی ہے، اورنج ٹرین منصوبہ کیلئے چین کی حکومت نرم شرائط پر قرضہ دے رہی ہے، حکومت دو سال قبل اورنج ٹرین منصوبہ شروع کردیتے تو مشکلات سامنے نہ آتیں۔
تازہ ترین