آج کل دنیا کےتقریباً سارے ملکوں میں روٹی یا( ڈبل روٹی) کا استعمال ہو رہا ہے۔ گوندھے ہوئے آٹے میں خمیری اجزا ملا کر سانچے میں پکائی ہوئی روٹی کو ڈبل روٹی کہتے ہیں۔ اسے عموماً سلائسز نما کاٹتے ہیں اور اسکے دو سلائسزکے درمیان کوئی کھانے کی چیز رکھ کر سینڈوچ بنایا جاتا ہے۔لیکن جدید دور کی پسندیدہ ڈبل روٹی آج سے نہیں صدیوں پہلے سے وجود میں ہے۔
کہا جاتا ہے کہ 3000 سال پہلے مصر میں ڈبل روٹی کی شروعات ہوئی تھی۔ وہاں کے لوگ گوندھے ہوئے آٹے میں گھی اور کھانے کے سوڈا ملی ٹکيا کو بھٹی میں پکا کرڈبل روٹی بناتے تھے۔ اسی طرح ڈبل روٹی بنانے کے نمونے مصر کے مقبروں میں بھی ملتے ہیں۔
الگ الگ ملکوں میں الگ الگ مواد سے ڈبل روٹی تیار کی جاتی ہے۔ کہیں نمک ملے آٹے یا میدے سے، تو کہیں آلو، مٹر، چاول، گندم یا ان کا برابر کا آٹا ملا کر اسے بہت مزیدار بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔آج ڈبل روٹی سے بنی چند مزیدار چیزیں قارئین کے پیشِ نذر ہیں۔
ڈبل روٹی کی کھیر
اجزاء:
ڈبل روٹی۔ دو سلائس
دودھ۔ ایک کلو
چینی۔ حسب پسند
گھی۔ چھ کھانے کے چمچ
پسی ہوئی الائچی۔ تین عدد
ترکیب:
سلائس گھی میں اس قدر تلیں کہ سرخ ہو جائیں۔ پلیٹ میں نکال لیں۔ دودھ گرم کر لیں۔ پکنے لگے تو ایک سلائس ڈال کر پکائیں۔ تھوڑی دیر میں چینی ڈال دیں۔ چینی اچھی طرح گھل جائے اور پکنے لگے تو دوسرا سلائس اور الائچی ڈال کر پکائیں۔ گاڑھی ہونے پر اتار لیں۔ ٹھنڈا کر کے نوش کر یں۔
ڈبل روٹی کے سلائس
اجزاء:
ڈبل روٹی۔ چھ سلائس
گھی۔ 75گرام
چینی۔ 125گرام
روح کیوڑہ ۔چند قطرے
ترکیب:
ڈبل روٹی کےسلائسز کے کنارے کاٹ دیں اور ان سلائسز کو چوکور شیپ میں کاٹ لیں۔ اس کے بعد فرائی پین میں گھی گرم کریں اور سلائس اچھی طرح سے فرائی کر لیں اور پھرباہر نکال لیں ۔ چینی کا قوام تیار کریں اور اس میں روح کیوڑا ملاکر تلے ہوئے سلائس اس میں بھگو دیں ۔ چند منٹ کے بعد باہر نکال لیں اور پلیٹ میں سرو کر کے بچوں کوکھلائیں۔
ڈبل روٹی کا حلوہ
اجزاء:
ڈبل روٹی۔ ایک عدد
دودھ۔ دو کلو
چینی۔ ایک پاؤ
گھی۔حسب ضرورت
بادام۔حسب ضرورت
پستہ ۔حسب ضرورت
ترکیب:
ڈبل روٹی کے سلائس گھی میں سرخ کر لیں اور چینی کے قوام میں ڈال کر آدھے گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ دودھ اتنا گرم کر یں کہ گاڑ ھاہو جائے اب اس میں ڈبل روٹی کے سلائس چینی کے قوام سے نکال کر ڈال دیں۔ ہلکی آنچ پر پکائیں جب دودھ بالکل گاڑھا ہو کر خشک ہو جائے تو بادام اور پستے کو کتر کر چھڑک دیں۔
ڈبل روٹی پیزا
اجزاء:
ڈبل روٹی کے سلائس ۔آٹھ عدد
سبزی یا چکن (ابلی ہوئی)۔ڈیڑھ کپ
کالی مرچ (پسی ہوئی)۔آدھا چائے کا چمچ
نمک۔آدھا کھانے کا چمچ
سویا ساس ۔ایک کھا نے کا چمچ
کیچپ۔دو کھانے کے چمچ
مایونیز۔دو بڑے چمچ
پنیر۔ایک کپ (کش کیا ہوا)
ترکیب:
ابلی ہوئی سبزی یا چکن میں کالی مرچ ،سویا ساس،کیچپ اور مایونیز اچھی طرح ملا لیں اور سلائس پر فلنگ پھیلا لیں ۔تمام سلائس اسی طرح تیار کر یں اورپھر ان پر کش کیا ہوا پنیر چھڑک دیں۔پہلے سے گرم اوون میں بیکنگ ٹرے پر رکھ دیں۔دس منٹ کے لئے بیک کریں ۔بریڈ پیزا تیار ہے۔
ڈبل روٹی اور قیمے کے کباب
اجزاء:
گائے کا قیمہ (باریک )۔ ایک کلو
ڈبل روٹی کے سلائس ۔چار عدد
سویاساس۔چار کھانے کے چمچ
سرکہ۔ایک کھانے کا چمچ
کالی مرچ (پسی ہوئی )۔ایک چائے کا چمچ
ہرا دھنیا(باریک کٹا ہوا )۔حسب ضرورت
ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی)۔چار عدد
کارن فلور۔ایک کھانے کا چمچ
انڈا۔ایک عدد
نمک۔حسب ذائقہ
تیل:تلنے کےلئے
ترکیب:
سب سے پہلے ایک پیالے میں قیمہ سویا ساس ، سرکہ، سلائس چورا کرکے ملائیں اور اچھی طرح گوندھ کر باقی تمام مصالحے ملا کر پندرہ منٹ کے لئے رکھ دیں۔ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں پھر ہاتھ کو گیلا کرکے چھوٹے چھوٹے گول کباب بنا کر ہلکی آنچ میں ڈیپ فرائی کر لیں جب گولڈن براؤن ہو جائیں تو نکال کر اخبار پر رکھ لیں تاکہ چکنائی جذب ہوجائے گرم گرم پراٹھوں کے ساتھ سرو کریں۔
ڈبل روٹی کے پکوڑے
اجزاء:
ڈبل روٹی۔چھ سلائس
بیسن۔ایک کپ
سرخ مرچ۔ایک چمچ
ہلدی۔ڈیڑھ چمچ
سبز دھنیہ۔حسب ضرورت
نمک۔حسب ضرورت
تیل۔حسب ضرورت
ترکیب:
ڈبل روٹی کا سخت والا حصہ الگ کر کے اس کے اپنی مرضی کے مطابق ٹکڑے کر لیں ۔ باقی تمام اجزاء پانی میں ڈال کر ایک گاڑھا آمیزہ تیار کر لیں اور ڈبل روٹی کے ٹکڑے اس آمیزے میں بھگو کر تل لیں،اور پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
ڈبل روٹی کے رول
اجزاء:
ڈبل روٹی کے سلائس۔ 8 عدد
آلو(میش کئے ہوئے) ۔2 عدد
کالی مرچ۔2چائے کے چمچ
پودینہ کے پتے۔ 1کھانے کا چمچ
ہری مرچیں(چوپ کی ہوئیں) ۔2 عدد
قیمہ۔ 1 پاؤ
ادرک\لہسن پیسٹ۔ 1 چائے کا چمچ
ہلدی پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ
لال مرچ پاؤڈر۔ 1\چائے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
تیل۔ حسب ضرورت
ترکیب:
ڈبل روٹی کے سلائس پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ ہرسلائس کو اب دونوں ہاتھوں سے دبائیں تاکہ سارا پانی نکل جائے۔ آلو میں نمک، کالی مرچ، ہرادھنیا، پودینہ، ہری مرچ شامل کردیں اور اچھی طرح سے مکس کرلیں۔ پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ ایک پین میں قیمہ، نمک، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر،ہلدی اور زیرہ ڈال دیں اور ڈھانپ کر قیمے کا پانی خشک ہونے تک پکائیں۔ہر ڈبل روٹی کے سلائس میں ایک کھانے کا چمچ آلو اور قیمے کی فلنگ ڈالیں اور ڈبل روٹی کے رول بنالیں۔ آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے رول گولڈن فرائی کرلیں۔ گارنش کرکے کیچپ اور املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
آلو اور ڈبل روٹی کے کباب
اجزاء:
آلو(ابال کر میش کر لیں)۔ دو عدد
ڈبل روٹی کے سلائس۔ چار عدد
سبز مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
ادرک کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ
سبز دھنیہ (کٹا ہوا) ۔ایک چائے کا چمچ
بریڈکرمز۔ آدھی پیالی
نمک ۔ضرورت کے مطابق
تیل ۔ضرورت کے مطابق
ترکیب:
ڈبل روٹی کے سلائس پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں اور انہیں آلوؤں میں ملا لیں۔ تمام اجزاء اکٹھے کر کے آلوؤں میں ملالیں۔ آمیزے کے چھوٹے چھوٹے گولے بنائیں۔ اور ان کو ہتھیلی پر رکھ کر ہاتھوں کی مدد سے چپٹا کر لیں۔ کباب بریڈ کرمز میں رول کر یں اور گرم تیل میں تل کر سنہری کر لیں۔
ویجیٹیبل بریڈ سموسہ
اجزاء:
کھانے کا تیل ۔حسبِ ضرورت
پیاز ۔ایک عدد
اُبلے ہوئے مٹر۔دس گرام
اُبلے ہوئے آلو۔دو سو پچاس گرام
نمک۔حسبِ ذائقہ
ہلدی ۔ایک چائے کا چمچ
قصوری میتھی ۔ایک کھانے کا چمچ
زیرہ پاؤڈر۔ایک کھانے کا چمچ
سوکھا دھنیا ۔ایک کھانے کا چمچ
لال مرچ پاؤڈر۔ایک کھانے کا چمچ
سبز مرچ ۔تین عدد
سبز دھنیا ۔دس گرام
بریڈ سلائس ۔دو عدد
میدہ پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ
ترکیب:
ایک پین میں کھانے کا تیل لیں اوراس میں لہسن ڈال کر ایک منٹ تک پکا لیں۔اب اس میں پیاز ، اُبلے ہوئے مٹر، نمک،ہلدی، قصوری میتھی، زیرہ پاؤڈر، سوکھا دھنیا، لال مرچ پاؤڈر اورآلو پسے ہوئے ڈال کر دو منٹ تک پکا لیں پھر اس میں سبز مرچ اور سبز دھنیا ڈال دیں۔اب ایک بریڈ سلائس لیں اور اس کے کنارے کاٹ کر اسے بیلنے کی مدد سے بیل لیں۔پھراس پر تیار کیے ہوئے آمیزے کو رکھ کر میدے کا پیسٹ لگا کر فولڈ کرلیں۔اب ایک پین میں کھانے کا تیل لیں اور اس میں تیار کیے بریڈ سموسے ڈال کر گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کر لیں۔آپ کے مزیدار بریڈ سموسے تیار ہیں۔
چکن بریڈ رول
اجزاء :
چکن( بون لیس ) ۔500 گرام
آلو (ابلے ہوئے )۔ 2 عدد
بند گوبھی ( باریک کٹی ہوئی)۔ ایک چھوٹا پھو ل
شملہ مرچ (باریک کٹی ہوئی )۔ایک عدد
گاجر (کش کی ہوئی)۔ایک پیالی
نمک ۔حسبِ ذائقہ
کالی مرچ (پسی ہوئی ) ۔2چائے کے چمچ
ہری مرچ ( پسی ہوئی )۔ایک چائے کا چمچ
سویا سوس ۔2 کھانے کے چمچ
انڈے ۔ 2 عدد
سینڈ وچ بریڈ ۔ایک عدد
ترکیب :
سب سے پہلے چکن کو اچھی طرح دھو کر ایک پین میں نمک ،کالی مرچ اور تھوڑا سا پانی ڈال کر ابلنے کے لیے رکھ دیں ۔ چکن میں صرف اتنا پانی شامل کریں کہ گوشت گلنے تک خشک ہو جائے ۔ اب ایک پین میں پانی ابالیں اور اس میں سبزیاں ڈال کر صرف دو منٹ تک پکائیں اور پھر پانی سے نکال کر چھلنی میں ڈال دیں تاکہ ان کا سارا پانی نکل جائے ۔ جب تک سبزیاں ٹھنڈی ہوں آپ ایک بڑے پیالے میں ابلے ہوئے آلو میش کریں اور تمام سبزیاں اس میں شامل کر دیں ۔ جب چکن اچھی طرح گل جائے اور اس کا پانی بھی خشک ہو جائے تو اس کے باریک ریشے کر کے اسے بھی سبزیوں کے پیالے میں شامل کر دیں اور سویا ساس اور ہری مرچیں ڈال کر تمام چیزیں اچھی طرح مکس کریں ، رولز کا آمیزہ تیار ہے ۔
رولز تیار کرنے کے لئے پہلے کٹنگ بورڈ پر سلائس رکھیں اور تیز چھری کی مدد سے ان کے کنارے کاٹ لیں ۔ پھر سلائسز کو پانی سے گیلا کریں اور دباکر فالتو پانی نکال دیں پھر اس میں چکن اور سبزیوں کا آمیزہ رکھ کر احتیاط سے رول کریں تاکہ وہ ٹوٹنے نہ پائیں ۔ ایک پیالے میں دو انڈے ،چٹکی بھر نمک اور کالی مرچوں کے ساتھ پھینٹیں اور رولز کو انڈے میں ڈبو کر تل لیں ۔ مزیدار چکن بریڈ رول تیار ہیں،چائے کے ساتھ پیش کریں ۔