• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نئی ’کنگز پارٹی‘ کے قیام کی تیاریاں

کراچی میں خنکی پیداکرنے والی کوئٹہ کی ہوائیں اس مرتبہ اسلام آباد کی جانب چل پڑی ہیں ۔معمول سے ہٹ کر چلنے والی ان ہوائوں کی بدولت ملک کا سیاسی درجہء حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔ سینٹ الیکشن میں چاروں صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان کا پلڑا بھاری کرنے والے شطرنج کے کھلاڑی اگلے الیکشن کی بساط پرنئی بازی کھیلنے کی تیاری کر چکے ہیں۔وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اعلان کیا ہے مسلم لیگ ن سے آزاد ہونے والے ارکان پر مشتمل ایک نئی پارٹی بنے گی۔

نئی پارٹی کا اعلان سینٹ الیکشن میں اہم کردار ادا کرنے والے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ایک دودن میںکریں گے۔ کہا جاتا ہے کہ نئی سیاسی جماعت کا نام متحدہ مسلم لیگ ہو گا۔ آپ اسے نئی قاف لیگ یا کنگز پارٹی بھی کہہ سکتے ہیں ۔نئی پارٹی میں آزاد ہم خیال، نیشنل پارٹی اور پی کے میپ کے منحرف ارکان شامل ہوں گے جبکہ اس کی سربراہی کے لیے سابق وزیراعلیٰ نواب ذوالفقارمگسی کے نام پر اتفاق ہو سکتا ہے۔

نئی پارٹی کے قیام کے سلسلے میں میرعبدالقدوس بزنجو کے ساتھ ساتھ جان محمد جمالی، جام کمال، میر عبدالکریم نوشیروانی، سرفراز بگٹی، سردار صالح بھوتانی، سینٹر انوارالحق کاکڑ، میرعاصم کردگیلو، میرغلام دستگیربادینی،میر امان اللہ نوتیزئی اور سعید احمد ہاشمی بھی انتہائی سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔پارٹی کے اہم عہدوں کے لیے بھی انہی سرگرم رہنمائوں کا انتخاب کیا جائے گا۔اگرنئی پارٹی کے نام متحدہ مسلم لیگ پر اتفاق رائے ہو گیا تو اسے فوری طور پر الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کروایا جائے گا۔

اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ بلوچستان سےآزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے تمام سینٹرز متحدہ مسلم لیگ میں شامل ہو جائیں۔اس طرح نئی سیاسی پارٹی کی قوت مزید بڑھ جائے گی۔کیونکہ اسے پہلے ہی صوبے لگ بھگ 20ایسے سیاستدانوں کی حمایت حاصل ہے جو اپنے بل بوتے پر الیکشن جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اور اگر اگلے الیکشن میں اس نئی سیاسی جماعت کا پیپلزپارٹی اور جے یوآئی ایف سے انتخابی اتحاد ہو جاتا ہے تو پھر بلوچستان میں ایک مضبوط حکومت بنانے سے اس پارٹی کو کوئی نہیں روک سکتا۔تاہم کوئٹہ سے اُٹھنے والی تبدیلی کی یہ لہرصرف بلوچستان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دیگر صوبوں میں بھی نئے سیاسی اتحاد نئی کنگزپارٹیاں بننے کے امکانات کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

تازہ ترین