چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سینئر وکیل اعتزاز احسن پر کیے گئے جرمانے کی رقم خود ادا کردی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ڈبہ پیک دودھ کے کیس کی سماعت کے دوران سینئر وکیل اعتزاز احسن دلائل دینے کیلئے پیش ہوئے ، اس دوران چیف جسٹس نے ان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو جو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوا تھا وہ میں نے جمع کرا دیا ہے، ہم نے وہ پیسے صدقے کے طور پرجمع کرائے ہیں۔
چیف جسٹس کی بات سن کر اعتزاز احسن جانے لگے تو جسٹس ثاقب نثار نے انہیں واپس بلا یا اور ساتھ ہی عدالتی عملے کو حکم دیا کہ 10 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کی رسید اعتزاز احسن کو دی جائے۔
جسٹس ثاقب نثار کا اعتزاز احسن سےکہنا تھا کہ کہ آپ کے انکار کرنے پر میرے بیٹے نے یہ جرمانہ جمع کرایا، اس کا کہنا تھا کہ تایا جی کے پیسے میں جمع کراؤں گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ڈبہ بند دودھ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے اعتزاز احسن کے پیش نہ ہونے پر ان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔
جرمانہ کرنے پر اعزاز احسن نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔